"رانا شمیم کا بیان سچا ہونے پر عمران خان کی حکومت چلی جائے گی"

09:19 PM, 18 Nov, 2021

لندن: گلگت بلتستان کے سابق چیف جسٹس رانا شمیم کے صاحبزادے نے   کہا ہے کہ رانا شمیم کا بیان حلفی سچا ثابت ہوگیا تو عمران خان کی حکومت چلی جائے گی۔ 

نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے رانا شمیم کے صاحبزادے احمد احسن رانا نے کہا کہ والد کے بیان حلفی کے حوالے سے گفتگو کرنے والوں کے خلاف ہتک عزت دعویٰ دائر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پہلا ہتک عزت دعویٰ سینیٹر فیصل واؤڈا کے خلاف دائر کیا جائے گا، جس کا نوٹس انہیں پیر یا منگل کے روز مل جائے گا۔

احمد احسن رانا کا کہنا تھا کہ والد دو سال پہلے بھی بیان حلفی دے سکتے تھے اگر وہ ایسا کرتے تو تحریک انصاف اقتدار میں نہیں آسکتی تھی، بیان حلفی سچا ثابت ہوگیا تو آج بھی حکومت چلی جائےگی۔ 

انہوں نے کہا کہ راناشمیم اپنے بیان پر قائم ہیں اور وہ اس معاملے کو جہاد کی طرح دیکھ رہے ہیں، میں اپنے والد کا ساتھ دوں گا اور 26 نومبر کو ہم دبنگ انداز سے عدالت میں پیش ہوں کر اپنا جواب جمع کرائیں گے۔ 

 پروگرام میں احمد احسن رانا نے لندن میں نوازشریف اور رانا شمیم کی ملاقات کے سوال کا جواب دینے سے گریز کیا اور کہا کہ ملاقات ہونے یا نہ ہونے کی صورت میں بیانِ حلفی پر کوئی فرق نہیں پڑتا۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ن لیگ کے پاس ویڈیو کے حوالے سے شاہد خاقان عباسی سے پوچھ لیں۔ 

واضح رہے کہ گلگت بلتستان کے سابق چیف جسٹس رانا ایم شمیم نے اپنے مصدقہ حلف نامے میں کہا ہے کہ وہ اس واقعے کے گواہ تھے جب اُس وقت کے چیف جسٹس پاکستان ثاقب نثار نے ہائی کورٹ کے ایک جج کو حکم دیا تھا کہ 2018ء کے عام انتخابات سے قبل نواز شریف اور مریم نواز کو ضمانت پر رہا نہ کیا جائے۔

                                                                                                                                           

رانا شمیم کے بیان کا چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس اطہر من اللہ نے نوٹس لیا تھا اور رانا شمیم سمیت دیگر کو شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے 26 نومبر کو طلب کیا ہے۔

مزیدخبریں