لاہور: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے بھارت کو 2024ءسے 2031ءتک تین سب سے بڑے ایونٹس کی میزبانی دی گئی ہے جبکہ پاکستان کو چیمپینز ٹرافی 2025 کی میزبانی دی گئی ہے۔
کرکٹ ویب سائٹ کے مطابق 16 نومبر کو آئی سی سی بورڈ کے اجلاس میں بھارت کو 8 سالہ سائیکل یعنی 2024ءسے 2031 کے دوران 2ورلڈکپ اور چیمپینز ٹرافی کی میزبانی دینے کافیصلہ کیا گیا جبکہ پاکستان کو چیمپینز ٹرافی 2025ءکی میزبانی دی گئی۔
بھارت 2026ءمیں سری لنکا کے ساتھ مشترکہ طور پر ٹی 20 ورلڈکپ کی میزبانی کرے گا اور 2029 میں آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی اس کے حصے میں آئے گی۔ اس کے علاوہ بھارت 2031ءمیں کرکٹ کے سب سے بڑے میلے ون ڈے انٹرنیشنلز ورلڈکپ کی میزبانی کرے گا جس میں بنگلہ دیش مشترکہ میزبان ہوگا۔
دوسری جانب روایتی حریف بھارت نے ابھی سے ہی چیمپینز ٹرافی 2025ءمیں بھارتی ٹیم کی شرکت سے متعلق ہچکچاہٹ کا مظاہرہ شروع کر دیا ہے اور بھارتی حکام کا کہنا ہے کہ جب وقت آئے گا تو دیکھا جائے گا تاہم ٹیم پاکستان بھیجنے کا حتمی فیصلہ سیکیورٹی کے معاملات کو دیکھ کر ہی کیا جائے گا۔
بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) کے سابق صدر اور وزیر کھیل انوراگ ٹھاکر کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ کہ پاکستان میں چیمپئنز ٹرافی کھیلنے کے حوالے سے فیصلہ وہاں کی سیکیورٹی صورتحال سے مشروط ہے، بھارتی حکومت پوری طرح پاکستان کی سیکیورٹی کی صورتحال کا جائزہ لے گی جس کے بعد ہی ٹیم بھیجنے سے متعلق کوئی اعلان کریں گے۔
انوراگ ٹھاکر کا کہنا تھا کہ ماضی میں ہم دیکھ چکے ہیں کہ کئی ممالک پاکستان کی بہتر سیکیورٹی صورتحال نہ ہونے کے باعث وہاں جانے سے انکار کرچکے ہیں، اس لئے پاکستان میں سیکیورٹی سب سے اہم چیلنج ہے، جب وہ وقت آئے گا تو بھارتی حکومت حالات کو دیکھتے ہوئے فیصلہ کرے گی۔