پاکستان میں چیمپئنز ٹرافی کے لئے بھارتی ٹیم کی آمد مشکوک ، وقت آنے پر دیکھیں گے ، انوراگ ٹھاکر

01:06 PM, 18 Nov, 2021

لاہور: سال 2025 میں  آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا میدان پاکستان میں سجے گا لیکن روایتی حریف بھارت کی اب تک اس اہم ایونٹ میں شرکت  یقینی نہیں ہے۔بھارتی حکام کا  کہنا ہے کہ جب وقت آئے گا تو دیکھا جائے گا تاہم سیکورٹی دیکھ کر ہی حتمی فیصلہ ہوگا ۔

تفصیلات کے مطابق سال 2025 میں پاکستان کو چیمپیئنز ٹرافی کی میزبانی مل چکی ہے لیکن ابھی تک روائتی حریف بھارتی کرکٹ ٹیم کی دستیابی کے بارے میں کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہوسکا ۔

بھارتی کرکٹ بورڈ بی سی سی آئی کے سابق صدر اور وزیر کھیل انوراگ ٹھاکر نے کہا ہےکہ پاکستان میں چیمپئنز ٹرافی کھیلنے کے حوالے سے فیصلہ وہاں کی  سکیورٹی کی صورتحال سے مشروط ہے، بھارتی حکومت پوری طرح پاکستان کی سکیورٹی کی صورتحال کا جائزہ لے گی جس کے بعد ہی ہم ٹیم بھیجنے سے متعلق کوئی اعلان کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت اور وزارت داخلہ پہلے ہی اپنا فیصلہ کرچکی ہے، جب اس طرح کے عالمی ٹورنامنٹ ہوتے ہیں تو کئی چیزیں زیر غور ہوتی ہیں۔

انوراگ ٹھاکر کا کہنا تھا کہ ماضی میں ہم دیکھ چکے ہیں کہ کئی ممالک پاکستان کی بہتر سکیورٹی صورتحال نہ ہونے کے باعث وہاں جانے سے انکار کرچکے ہیں، اس لیے پاکستان میں سکیورٹی سب سے اہم چیلنج ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اس لیے جب وہ وقت آئے گا تو بھارتی حکومت حالات کو دیکھتے ہوئے فیصلہ کرے گی۔

مزیدخبریں