سیمی فائنل میں شکست پر دکھی ہیں مگر ٹیم کا مومینٹم برقرار رکھیں گے: بابراعظم

12:43 PM, 18 Nov, 2021

ڈھاکہ: پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم نے کہا ہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ٹی 20 ورلڈکپ کے سیمی فائنل میں شکست کا دکھ ہے لیکن اچھی بات یہ ہے کہ اس وقت پاکستانی ٹیم کا مومینٹم اچھا ہے اور بنگلہ دیش کیخلاف سیریز میں اسے برقرار رکھنے کی کوشش کریں گے۔ 
ورچوئل پریس کانفرنس کرتے ہوئے بابراعظم کا کہنا تھا کہ بنگلہ دیش کے خلاف ہوم سیریز کو آسان نہیں لے رہے، ٹیم میں سینئر کھلاڑیوں کی غیر موجودگی کے باعث شامل ہونے والے نئے کھلاڑیوں کو بنگلہ دیش پریمیر لیگ (بی پی ایل) کھیلنے کا تجربہ ہے، اس لئے ہم سیریز میں اعتماد کے ساتھ کھیلیں گے۔ 
قومی ٹیم کے کپتان نے کہا کہ ٹی 20 ورلڈکپ کے سیمی فائنل میں ہارنے کا دکھ ہے اور ہر کسی کو افسوس ہوا ہے، اس لئے تمام کھلاڑیوں کو بیک کیا ہے اور انہیں اعتماد دیا ہے تاکہ ان کا مورال نہ گرے، پاکستان ٹیم کا اچھا مومینٹم بنا ہوا ہے اور اسی کو برقرار رکھنے کی کوشش کریں گے۔ 
بابراعظم نے بنگلہ دیش اور ویسٹ انڈیز کے خلاف مختلف کمبی نیشن آزمانے کا عندیہ دیتے ہوئے کہا کہ ڈھاکہ میں سیریز کی تیاری کا جتنا موقع ملا ہے اس سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کریں گے، ہماری کوشش یہی ہے کہ ورلڈکپ کی طرح یہاں بھی اچھا کھیلیں، یہاں کنڈیشنز مختلف ہوتی ہیں اور ویسے رنز نہیں بنیں گے جیسے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں بنتے رہے ہیں، یہاں وکٹ پر ٹھہرنا ہو گا اور اسی سے فائدہ ہو گا۔
آئندہ ٹی 20 ورلڈکپ سے متعلق بابراعظم نے کہا کہ آسٹریلیا میں ایونٹ کھیلنے کیلئے کون سی ٹیم کیساتھ جائیں گے، اس بارے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہو گا، وطن واپس پہنچنے پر سلیکٹرز اور دیگر افراد کے ساتھ مل بیٹھیں گے اور پلان تیار کریں گے، اس وقت ہمارا فوکس سیریز ٹو سیریز ہے، تمام کھلاڑیوں کے ذہن صاف ہیں اور ہر کوئی اپنے رول کے مطابق کھیل رہا ہے۔

مزیدخبریں