پریتی زنٹا جڑواں بچوں کی ماں بن گئی

12:17 PM, 18 Nov, 2021

لاس اینجلس: اداکارہ پریتی زنٹا نے سوشل میڈیا پر اپنے تمام مداحوں کے ساتھ خوشخبری شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ وہ جڑواں بچوں کی ماں بن گئی ہیں۔

اداکارہ نے 2016 میں امریکی شہری جین گڈینف کے ساتھ شادی کی تھی اور اب انہوں نے سوشل میڈیا پر خوشخبری شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ وہ دونوں جڑواں بچوں کے والدین بن گئے ہیں تاہم ان کے بچے سروگیسی یعنی کرائے کی کوکھ کے ذریعے ہوئے ہیں۔

انہوں نے اپنے بچوں کا نام سوشل میڈیا پر شیئر کیا جن میں سے ایک بچے کا نام جے زنٹا گڈینف اور دوسری کا نام جیا زنٹا گڈینف رکھا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ وہ اپنی زندگی کے اس نئے مرحلے پر بہت پرجوش ہیں اور اپنے بچوں کو اپنے خاندان میں خوش آمدید کہتے ہیں۔ اس ناقابل یقین سفر کا حصہ بننے کے لیے ڈاکٹرز، نرسز اور ہمارے سروگیٹ کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتی ہوں۔

خیال رہے کہ پریتی زنٹا واحد اداکارہ نہیں ہیں جن کے گھر سروگیسی یعنی کرائے کی کوکھ کے ذریعے بچوں کی پیدائش ہوئی ہے بلکہ اس سے قبل بالی ووڈ کے بڑے بڑے ستارے جیسے شاہ رخ خان، عامر خان، کرن جوہر، سنی لیونی، ایکتا کپور، تشار کپور بھی سروگیسی کے ذریعے والدین بن چکے ہیں۔

مزیدخبریں