لاہور : سابق بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان اور سیاستدان نوجوت سنگھ سدھو 20 نومبر کو پاکستان آئیں گے ۔ سابق کرکٹر بابا گورونانک کی سالگرہ کی تقاریب میں شرکت کریں گے ۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سابق بھارتی کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو بابا گورونانک کی سالگرہ کی تقریبات میں شرکت کرنے آئیں گے ۔وہ 20 نومبر کو کرتارپور راہداری کے ذریعے پاکستان پہنچیں گے ۔
نوجوت سنگھ سدھو کے میڈیا ایڈوائزر نے ان کے دورہ پاکستان کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب کانگریس کے صدر نوجوت سنگھ سدھو 20 نومبر کو کرتارپور کا دورہ کریں گے۔
یا د رہے کہ نوجوت سنگھ سدھو کا 2019 میں کرتارپور کے افتتاح کے بعد یہ دوسرا دورہ ہوگا۔سدھو نے 2019 کے آخر میں کرتارپور کا دورہ کیا تھا جب وزیراعظم عمران خان نے اُنہیں باضابطہ طور پر مدعو کیا تھا۔
سال 2019 میں نوجوت سنگھ سدھو کا دورہ پاکستان میں کہنا تھا کہ وہ دربار صاحب کی افتتاحی تقریب میں شرکت کے لیے بے قرار ہیں، دنیا بھر میں بسنے والے کروڑوں سکھ اپنی مقدس دھرتی کی زیارت کے لیے بے تاب ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ وہ حکومتِ پاکستان خصوصاً وزیرِ اعظم عمران خان کے شکر گزار ہیں، جو بابا گرونانک کے جنم دن کے تاریخی موقع پر دربار صاحب کا افتتاح کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ بابا گرونانک کے 552ویں جنم دن کی مرکزی تقریب ننکانہ صاحب میں ہوگی۔