مہنگائی میں روزانہ کی سطح پر اضافہ ہورہا ہے ۔مہنگائی کی شرح 16فیصد تک پہنچ گئی ہے اور چینی کی قیمت130روپے، فی کلو سرخ آٹے کا تھیلا 1200روپے، بجلی کا یونٹ24روپے، ایل پی جی گیس فی کلو 250روپے، گھی فی کلو 380روپے، تیل کی قیمتیں ملک کی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہیں ۔عالمی منڈ ی میں تیل فی بیرل پانچ ڈالر سستا ہو گیا ۔حکمرانوں نے رات کے اندھیر ے میں تیل کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا ۔غریب عوام مہنگائی کی وجہ سے خودکشیاں کر رہے ہیں اور سفید پوش طبقہ بھی شدید متاثر ہورہا ہے۔بجلی اور گیس کے بل ادا کرنے کے قابل نہیں رہے ۔چینی بحران کے بعد آٹا بحران سراٹھا رہا ہے جس سے عام آدمی پر مزید بوجھ پڑے گا ۔گیس بحران سے گھریلو صارفین کو گیس نہیں ملتی ۔صبح ناشتے کے وقت گیس لوڈشیڈنگ کی جاتی ہے ۔دوپہر کے وقت چولہے ٹھنڈے ہوتے ہیں ۔شام کے وقت گیس دستیاب نہیں ہوتی ۔عوا م کہا ں جائے ۔وزیراعظم عمرا ن خان کہہ رہے ہیں کہ عوام پانچ سال بعد ہماری کارکردگی دیکھے۔ ساڑھے تین سال پورے ہونے کو ہیں ۔اٹھارہ ماہ مزید رہ گئے ہیں ۔ملک شدید معاشی بحران کا شکار ہے ۔قرضوں میں خطرناک حد تک اضافہ ہو چکا ہے ۔حالات یہاں
تک پہنچ گئے ہیں کہ بنگلہ دیش معاشی لحاظ سے پاکستان سے آگے نکل گیا ہے ۔ساڑھے تین سال میں کارکردگی نہیں دکھائی اٹھارہ ماہ میں حکمران کیا دکھائیں گے ۔بہتری کی کوئی امید نظر نہیں آرہی ہے ۔اٹھارہ ماہ میں حالات مزید بدتر ہو جائیں گے ۔
قوم پی ڈی ایم کی طر ف دیکھ رہی ہے ۔اپوزیشن جماعتیں قوم کے احساسات و جذبات کی ترجمانی کریں ۔خیبرپختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں مہنگائی کے خلاف پی ڈی ایم نے جی ٹی روڈ فردوس سے ریلی نکالی جس میں مسلم لیگ(ن)،جمعیت علماءاسلا م(ف)اور قومی وطن پارٹی کے ہزاروں کارکنوں نے شرکت کی اور ریلی میں تاجر برادری بھی شریک ہوئی ۔ریلی خیبرپختونخوا اسمبلی پہنچ کر جلسے کی شکل اختیار کر گئی ۔امیر مقام کی قیادت میں بھی ہزاروں کی تعداد میں کارکن پہنچے ۔جب امیر مقام ریلی میں پہنچے تو کارکنوں نے سبز جھنڈے اٹھا کر پرجوش استقبال کیا ۔امیر مقام نے اپنے خطاب میں حکومت پر شدید تنقید کی کہ مہنگائی نے عام آدمی کا جینا محال کر دیا ہے ۔وزیراعظم کہہ رہے ہیں کہ اپوزیشن سے ہاتھ نہیں ملاﺅں گا ۔ان کی کابینہ میں کرپٹ وزراءبیٹھے ہیں ۔وزیراعظم اپنے اقتدار کو طول دینے کے لئے ان سے روزانہ ہاتھ ملا رہے ہیں ۔امیر مقام نے کہا کہ پارٹی قیادت محمد نواز شریف اور محمد شہباز شریف کے خلاف حکومت کے خلاف لانگ مارچ میں بھر پور شرکت کرے گی ۔انہوں نے کارکنوں سے ہاتھ کر حلف بھی لیا کہ لانگ مارچ میں بھر پور شرکت کریں گے ۔
پی ڈی ایم کی احتجاجی ریلی سے جمعیت علماء(ف)کے جنرل سیکرٹری مولانا عطاءالحق درویش ،قومی وطن پارٹی کے صوبائی صدر سکندر حیات شیرپاﺅ،نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر پروفیسر سرفراز اور ممتاز تاجر رہنماءملک مہر الٰہی نے بھی خطاب کیا او ر مہنگائی کے خلاف تاجر برادری کے رہنماﺅں نے پی ڈی ایم کے احتجاج کی مکمل حمایت کی کہ تاجر برادری ہوشربا مہنگائی کے خلاف احتجاج میں کسی سے پیچھے نہیں رہیں گے ۔ تحریک انصاف کو اقتدار میں لانے کا تجربہ ناکام ہو چکا ہے ۔اس کی قیمت ملک ادا کر رہا ہے ۔ایسے حالات ملک کی تاریخ میں نہ کبھی دیکھے تھے اور حالات روز بروز بدسے بدترہوتے جارہے ہیں ۔ملک مزید تجربات کا متحمل نہیں ہو سکتا ۔ملک کو نازک بحرانوں سے نکالنے کے لئے آزاد غیر جانبدار اور شفاف الیکشن کی ضرورت ہے اور ملک کو حقیقی عوامی نمائندے ہی بحرانوں سے نکال سکتے ہیں جبکہ سلیکٹیڈ حکمرانوں نے ملک کو بد حال کر دیا ہے ۔