قصور: فائرنگ سے دو خواتین سمیت چار افراد جاں بحق ہو گئے ہیں جب کہ ایک شدید زخمی ہے۔ مقتولین کا تعلق ایک ہی خاندان سے بتایا جاتا ہے۔
ذرائع کے مطابق تھانہ مصطفیٰ آباد کی حدود میں دیرینہ دشمنی کی بنا پر کی جانے والی فائرنگ سے دو خواتین سمیت چار افراد جاں بحق ہو گئے ہیں جب کہ ایک شدید زخمی ہے۔ فائرنگ کی اطلاع ملتے ہی علاقہ پولیس اور امدادی ادارے کے اہلکار فوری طور پر جائے وقوع پر پہنچے اور انہوں نے شدید زخمی کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا جب کہ نعشوں کو بھی پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
ابتدائی تفتیش کے متعلق ذرائع نے بتایا ہے کہ یاسین نامی شخص نے فائرنگ کر کے بیوی اور بیٹی کو قتل کیا جس کے بعد بھتیجے پر بھی فائرنگ کی۔
جائے وقوع پر ڈی پی او قصور صہیب اشرف پولیس کی بھاری نفری اور تفتیشی اداروں کے ہمراہ موجود ہیں۔ جہاں سے ثبوت و شواہد اکھٹے کیے جا رہے ہیں۔ ابھی قتل کی تفتیش کررہے ہیں لہذا فوری طور پر کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہو گا۔