اسلام آباد:ہائی کورٹ نے کورونا کے باعث مارکیز، شادی ہال میں تقاریب پر پابندی ختم کرنے کی درخواست مسترد کر دی ۔
تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ اطہر من اللہ نے مارکیز اینڈ شادی حال ایسوسی ایشن کی درخواست پر سماعت کے دوران ریمارکس دئیے کہ ہمیں پارلیمنٹ سے بہت توقعات ہیں لیکن وہ اپنا کردار ادا نہیں کر رہی،حکومت اور پارلیمنٹ کو اپنے فیصلوں پر عملدرآمد کرنے کی ضرورت ہے جبکہ این سی او سی قومی کمیٹی ہے اور اسکا فیصلہ قومی فیصلہ ہے۔
چیف جسٹس نے مزید ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ یہ عدالت تجربہ کار نہیں اسی لئے قومی کمیٹی کے معاملات میں مداخلت نہیں کرسکتی، ایس او پیز کے باوجود جو کچھ گلگت بلتستان اور کچھ دن قبل نظر آیا تشویش ناک ہے اوریہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ خود بھی اپنے بنائے ایس او پیز پر عمل کرے۔
واضح رہے کہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی جانب سے جاری اعدادوشمار کے مطابق اس وقت ملک بھر میں کورونا کے کنفرم کیسز کی تعداد 363380 ہے۔ اس وقت 1551 مریض موت وحیات کی کشمکش میں مبتلا ہیں۔
این سی او سی کے اعدادوشمار کے مطابق اسلام آباد میں 24871، پنجاب میں 111626، سندھ میں 157432، خیبر پختونخوا میں 42815، بلوچستان میں 16529، آزاد کشمیر میں 5640 جبکہ گلگت بلتستان میں 4467 کنفرم کیس رپورٹ ہو چکے ہیں۔
اعدادوشمار کے مطابق آزاد کشمیر میں 4147، بلوچستان میں 15917، گلگت بلتستان میں 4221، اسلام آباد میں 20708، خیبر پختونخوا میں 39319، صوبہ پنجاب میں 97824 اور صوبہ سندھ میں 143652 افراد کورونا وائرس کو شکست دے چکے ہیں۔