کورونا کی تباہ کاریاں جاری، یورپ میں متاثرین کی تعداد ڈیڑھ کروڑ سے تجاوز

Corona devastation continues, with more than 1.5 million victims in Europe
کیپشن: فائل فوٹو

لندن: دنیا بھر میں کورونا وائرس کی تباہ کاریاں جاری ہیں۔ اعدادوشمار کے مطابق یورپ میں متاثرین کی تعداد ڈیڑھ کروڑ سے تجاوز کر گئی ہے۔ متعدد ممالک میں پابندیاں سخت کرتے ہوئے عوامی مقامات کو بند کر دیا گیا ہے۔

فائزر کمپنی نے کورونا ویکسین کی 4 امریکی ریاستوں میں آزمائش کا فیصلہ کر لیا ہے۔ ایشیائی ترقیاتی بینک نے ترقی پذیر رکن ممالک کی کورونا ویکسین تک رسائی کے لیے 2 کروڑ 3 لاکھ ڈالر مختص کر دیے ہیں۔

امریکا میں کورونا کیسز بڑھنے پر ریاست اوہائیو میں رات کا کرفیو لگا دیا گیا ہے جبکہ آسٹریا میں دوسرا لاک ڈاؤن شروع ہو چکا ہے۔ ادھر ترکی میں بھی رات کے کرفیو کا اعلان کر دیا گیا۔ ایک اندازے کے مطابق دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 5 کروڑ 59 لاکھ 94 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے۔ اموات کی تعداد 13 لاکھ 43 ہزار سے بڑھ گئی جبکہ اس وقت 1 کروڑ 56 لاکھ 36 ہزار 6 سو ایکٹو کیسز موجود ہیں۔

دوسری جانب دنیا بھر کے طبی ماہرین اس وبائی مرض کو ختم کرنے کیلئے سر توڑ کی کوششیں کر رہے ہیں۔ اس میں امریکا اور جرمنی کی دوا ساز کمپنیوں کو حال ہی میں ایک بڑی کامیابی ملی ہے۔ امریکی کمپنی فائزر اور جرمن کمپنی بائیو این ٹیک کے اشتراک سے بننے والی اس کورونا ویکسین کے بارے میں دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ یہ اس موذی مرض کیلئے 90 فیصد تک کارآمد ہے۔

تاہم دوسری جانب ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن (ڈبلیو ایچ او) کے چیئرمین ڈاکٹر ٹیڈروس ایڈہانوم کی جانب سے جاری اہم بیان میں انہوں نے خشہ ظاہر کیا ہے کہ کورونا وائرس کی ویکسین عالمی سطح پر پھیلے اس مرض کی روک تھام کیلئے ناکامی ہوگی۔ وائرس پھیلنے کا خطرہ بدستور موجود رہے گا لیکن اموات میں کمی واقع ہوگی۔