کورونا سے مزید 37 پاکستانی جان کی بازی ہار گئے، چوبیس گھنٹوں میں 2208 کیس رپورٹ

Another 37 Pakistanis lost their lives in Corona, 2208 case reports in 24 hours
کیپشن: فائل فوٹو

لاہور: پاکستانی عوام کی بے احتیاطی نے وبائی مرض کو دوبارہ ملک میں پھیلا دیا ہے۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں مزید 37 افراد جاں بحق ہونے سے موذی مرض سے ہلاکتوں کی تعداد 7230 ہو چکی ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی جانب سے جاری اعدادوشمار کے مطابق اس وقت ملک بھر میں کورونا کے کنفرم کیسز کی تعداد 363380 ہے۔ اس وقت 1551 مریض موت وحیات کی کشمکش میں مبتلا ہیں۔

این سی او سی کے اعدادوشمار کے مطابق اسلام آباد میں 24871، پنجاب میں 111626، سندھ میں 157432، خیبر پختونخوا میں 42815، بلوچستان میں 16529، آزاد کشمیر میں 5640 جبکہ گلگت بلتستان میں 4467 کنفرم کیس رپورٹ ہو چکے ہیں۔

اعدادوشمار کے مطابق آزاد کشمیر میں 4147، بلوچستان میں 15917، گلگت بلتستان میں 4221، اسلام آباد میں 20708، خیبر پختونخوا میں 39319، صوبہ پنجاب میں 97824 اور صوبہ سندھ میں 143652 افراد کورونا وائرس کو شکست دے چکے ہیں۔

آزاد کشمیر میں 1362، صوبہ بلوچستان 456، گلگت بلتستان 153، اسلام آباد میں 3900، خیبر پختونخوا میں 2178، صوبہ پنجاب میں 11293 اور صوبہ سندھ میں 11020 ایکٹو کیس سامنے آ چکے ہیں۔

دوسری جانب سرگودھا سے خبریں ہیں کہ وہاں ڈی ایچ کیو ہسپتال میں کارڈیالوجی وارڈ کے 40 بستر کورونا وائرس کے مریضو ں کے لئے خالی کروا لئے گئے ہیں۔ ضلع بھر میں کورونا سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 98 ہو گئی جن میں سے 18 کی حالت تشویشناک ہے۔

ڈی ایچ کیو ہسپتال کے فوکل پرسن پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر سکند ر حیات وڑائچ نے بتایا ہے کہ ضلع سرگودھا میں کورونا سے متاثرہ مریضوں کی تعداد میں غیر معمولی اضافہ ہو رہا ہے۔ ڈی ایچ کیو ہسپتال کے آئسو لیشن وارڈ میں 18 مریض انتہائی نگہداشت کی حالت میں موجود ہیں جبکہ ہسپتال کے کارڈیالوجی وارڈ کے 40 بستر خالی کروا لئے گئے ہیں جہاں کورونا وائرس کے مریضوں کو رکھا جائے گا۔

ڈاکٹر سکندر حیات نے شہریوں سے اپیل کی کہ موجودہ صورت حال میں کورونا سے بچاﺅ کے ایس ایچ او پیز پر سختی سے عمل کریں۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران سرگودھا میں کورونا سے کوئی موت واقع نہیں ہوئی۔

اعدادوشمار کے مطابق آزاد کشمیر کے 131، بلوچستان کے 156، گلگت بلتستان کے 93، اسلام آباد کے 263، خیبر پختونخوا کے 1318، پنجاب کے 2509 اور سندھ کے 2760 افراد کورونا وائرس کی وجہ سے ہلاک ہو چکے ہیں۔

کورونا کی صورتحال کی پیش نظر حکومت نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنی اور دوسروں کی حفاظت کیلئے ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کریں، ماسک پہنچیں اور سماجی فاصلے کا خیال رکھیں۔

وزیراعظم کی جانب سے بارہا کہا جا چکا ہے کہ پاکستان مکمل لاک ڈائون کی پوزیشن میں نہیں ہے۔ معاشی سرگرمیوں کو جاری رکھنے کیساتھ ساتھ اس بات پر بھی خصوصی توجہ دی جائے کہ احتیاطی تدابیر پر مکمل عملدرآمد کیا جا رہا ہے۔