سپریم کورٹ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے لیے نئی جے آئی ٹی بنانے کی درخواست پر کل سماعت کرے گی

09:13 PM, 18 Nov, 2018

اسلام آباد: سپریم کورٹ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے لیے نئی جے آئی ٹی بنانے کی درخواست پر کل سماعت کرے گی جس میں نامزد ملزم شہباز شریف کو بھی پیش کیا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں دو رکنی بینچ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے لیے نئی جے آئی ٹی  بنانے سے متعلق بسمہ امجد  کی درخواست پر کل 19 نومبر کو سماعت  کرے گا۔

عدالت نے سانحہ ماڈل ٹاؤن استغاثہ کیس میں نامزد نواز شریف، شہباز شریف، حمزہ شہباز، رانا ثناء اللہ، پرویز رشید، خواجہ آصف سمیت دیگر 139 ملزمان کو نوٹس جاری کیے ہوئے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کا سانحہ ماڈل ٹاؤن میں نوٹس نیب لاہور کو موصول ہوگیا ہے اور شہباز شریف کو کل صبح عدالت میں پیش کیا جائے گا، شہباز شریف کی پیشی کے حوالے سے نیب لاہور نے تمام انتظامات کو حتمی شکل دے دی ہے۔

واضح رہے کہ چیف جسٹس پاکستان نے سانحہ ماڈل ٹاؤن کی متاثرہ بچی بسمہ امجد کی درخواست پر 6 اکتوبر کو ازخود نوٹس لیا تھا۔

مزیدخبریں