ابوظہبی: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ مخلص قیادت ملک کے مفادات میں جب کہ کرپٹ قیادت اپنی ناجائز دولت کو بچانے کے لیے یوٹرن لیتی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک پیغام میں ’یوٹرن‘ کی وضاحت کرتے ہوئے لکھا ہے کہ مقاصد کے حصول کے لیے یوٹرن لینا دراصل عظیم قیادت کی نشانی ہوتی ہے جب کہ چوری اور ناجائز طریقے سے دولت جمع کرنے والے اپنی کرپشن کی کمائی کو بچانے کے لیے یوٹرن لیتے ہیں۔
وزیراعظم عمران خان نے ٹویٹر پر اپنے نئے پیغام میں دراصل سابق بیان پر تصدیق کی مہر ثبت کردی ہے جس میں انہوں نے کہا تھا کہ جو حالات کے مطابق یوٹرن نہیں لیتا وہ لیڈر ہی نہیں ہوتا اور اگر ہٹلر اور نپولین نے اپنے غلط موقف پر یوٹرن لیے ہوتے تو حالات یکسر تبدیل ہوتے۔
وزیراعظم کے اس بیان پر ملک بھر میں بحث و مباحثہ شروع ہوگیا تھا جہاں حکومتی وزراء اور حکام نے بیان کی حمایت میں سرتوڑ کوشیش کیں وہیں اپوزیشن کی جانب سے سخت تنقید کا سامنا رہا۔ سوشل میڈیا پر بھی اس بیان پر خوب لے دے ہوئی اور طنزیہ و فکاہیہ پوسٹیں بھی شیئر کی گئیں۔
وزیراعظم عمران خان جو اس وقت متحدہ عرب امارات کے دور پر ہیں کو اپنے سابق بیان پر اُٹھنے والے طوفان کے زور کو توڑنے کے لیے ٹویٹر پر ایک اور بیان دینا پڑا جس میں وہ اپنے سابق موقف پر کھڑے نظر آتے ہیں۔