اسلام آباد :ایک روزہ سرکاری دورے پر وزیراعظم عمران خان متحدہ عرب امارات پہنچ گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کے ہمراہ آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ ، وزیرخزانہ ، وزیر پٹرولیم، وزیر پاور ڈویژن اور مشیر تجارت بھی ہیں۔متحدہ عرب امارات میں پہلے سے موجود وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی بھی وزیراعظم عمران خان کے ہمراہ ہیں۔ولی عہد شیخ محمد زید بن سلطان النہیان نے وزیراعظم عمران خان کا استقبال کیا، یو اے ای مسلح افواج کے ڈپٹی سپریم کمانڈربھی استقبال کے لیے موجود تھے۔
وزیراعظم کو شاہی محل پہنچنے پر گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔وزیراعظم پاکستان متحدہ عرب امارات کے دورے کے دوران ولی عہد شیخ محمد زید بن سلطان النہیان سے ملاقات کریں جس میں دو طرفہ تعلقات اور عالمی امور پر گفتگو ہوگی، اس کے علاوہ وزیراعظم یواے ای کے ہم منصب اورنائب صدرسے ملاقاتیں کریں گے۔
وزیراعظم عمران خان کے دورے میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری امور پر مذاکرات ہوں گے۔ترجمان وزیراعظم آفس کے مطابق وزیراعظم عمران خان کو دورے کی دعوت ولی شیخ محمد زید بن سلطان النہیان کی جانب سے دی گئی۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی نے یواے ای کے وزیرخارجہ شیخ عبداللہ بن زید النہیان سے ملاقات کی تھی، جس میں باہمی دلچسپی اور تعاون کے اموراورخطے کی صورت حال پرتبادلہ خیال کیا گیا تھا۔