راولپنڈی میں صفائی کی ناقص صورتحال،کوڑے کے ڈھیر دیکھ کر شیریں مزاری بھی افسردہ

12:39 PM, 18 Nov, 2018

اسلام آباد:وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق شیریں مزاری کو بھی راولپنڈی کے رہائشی علاقے میں پڑا کوڑا مایوس کرنے لگا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر کا سہارا لیتے ہوئے انہوں نے ٹوئٹ کیا کہ کوڑے کے ڈھیر یہیں موجود ہیں ، مجھے وہ وقت بھی یاد ہے جب یہ علاقہ رہنے کے لیے ایک جنت ہوا کرتا تھا۔


تفصیلات کے مطابق جب سے پنجاب میں شہباز شریف کی حکومت گئی اور اس کی جگہ وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کی حکومت نے لی ہے۔بہت سے شہری اس حوالے سے نالاں ہے کہ اس حکومت کے ماتحت ادارے وہ کارکردگی نہیں دکھا رہے جو وہ سابق وزیر اعلیٰ شہباز شریف کے دور میں دکھاتے تھے۔بالخصوص صفائی ستھرائی کی ناگفتہ بہ حالت مخالفین کو بھی میاں شہباز شریف کی یاد دلا دیتی ہے۔


ایسا ہی کچھ وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق شیریں مزاری کو بھی محسوس ہوا جب وہ اپنی دوست اور معروف صحافی مارینا بابر کے ہاں جارہی تھیں۔


انہوں نے گزشتہ دنوں پڑے کوڑے کے ڈھیر کو بدستور وہیں دیکھا تو افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں مارینا بابر کی طرف جاتے ہوئے اداس ہوں ، یہ کوڑا ابھی تک یہی موجود ہے۔مجھے بھی وہ وقت یاد ہے کہ جب ہارلے سٹریٹ ایک ایسا علاقہ تھی جسے راولپنڈی کے رہائشی علاقے کی جنت بھی کہا جا سکتا تھا۔انہوں نے سوال اٹھایا کہ کیا اس کوڑے کو اٹھانے کا کوئی بھی ذمہ دار موجود نہیں ہے۔

مزیدخبریں