شر یف خاندان نے منصوبہ بندی کے تحت اسحاق ڈار کو فرار کروایا:خرم نواز گنڈا پور

07:26 PM, 18 Nov, 2017

نیوویب ڈیسک

لاہور: پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور نے کہا ہے کہ اسحاق ڈار کے استعفے کی خبریں حکومت کی نئی چال اور ڈرامہ بازی ہے۔ شریف برادران نے سوچی سمجھی منصوبہ بندی کے تحت اسحاق ڈار کو ملک سے فرار کروایا ہے ،اسحاق ڈار کرپشن کیسز کا اہم گواہ اور ملزم ہے ، نااہل نواز شریف بھی بھاگ جائیں گے، نام ای سی ایل میں ڈالا جائے، ان ڈاکووں چوروں اور لٹیروں سے لوٹ مار کا مال برآمد نہ ہوا تو یہ غریب عوام سے بڑی زیادتی ہوگی ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان عوامی تحریک کی مشاورتی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر بشارت جسپال، فیاض وڑائچ،نور اللہ صدیقی، ساجد بھٹی، ریحان مقبول،عارف چوہدری،شاہد شاہ،مشتاق نوناری ایڈووکیٹ ودیگر بھی موجود تھے۔انہوں نے کہا کہ شریف برادران اور ان کے وفادار درباریوں کی اصل طاقت جھوٹ، دھاندلی اور کرپشن ہے، سب جانتے ہیں کہ حکمرانوں نے ملک و قوم کو قرضوں کے بوجھ تلے دبا کر ملکی معیشت کا بیڑا غرق کر دیا ہے۔اسحاق ڈار عدالت کو مطلوب مجرم ہیں۔افسوس پاکستان قاتلوں، مطلوبوں کے رحم وکرم پر ہے۔شریف برادران اور ان کے حواریوں نے ملک کو پوری دنیا میں رسوا کر کے رکھ دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عوام انصاف کے حصول کے لیے تھانے کچہریوں میں نسلوں تک ذلیل وخوار ہوتے ہیں۔ چور دروازے سے آکر کر بار بار اقتدار پر قابض ہونیوالوں نے اس فرسودہ نظام کی درستگی کی طرف اس لیے توجہ نہیں دی کہ کوئی ان ظالموں کا احتساب نہ کر لے۔انہوں نے کہا کہ عوامی تحریک کرپشن ،ظلم اور ناانصافی کے خلاف جدوجہد جاری رکھے گی۔ن لیگ مسترد شدہ لوگوں کا ٹولہ ہے۔

مزیدخبریں