اسلام آ باد: وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے مستعفی ہونے کی اطلاعات کے بعد ترجمان وزیراعظم ہاوس کی جانب سے وضاحت بھی آگئی ۔ وزیراعظم کے ترجمان مصدق ملک نے وضاحت دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسحاق ڈار کی علالت کے باعث قلمدان وزیراعظم کے پاس ہے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ اسحاق ڈارکی علالت کے باعث رولزکے تحت وزارت خزانہ کا قلمدان پہلے ہی وزیر اعظم کے کنٹرول میں چلا گیا.وزیراعظم وزارت خزانہ سے متعلق تمام معاملات احسن طریقے سے نبھارہے ہیں اور تمام امور پربریفنگ لے رہے ہیں۔ترجمان مصدق ملک نے کہا کہ عدالتی احکامات کی صورت میں اسحاق ڈارکا نام ای سی ایل میں ڈالنے کا جائزہ لیا جائیگا. وزرا پرالزامات لگتے ہیں، ایسے توساری کابینہ کا نام ای سی ایل میں آجائے گا۔واضح رہے کہ وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے خلاف احتساب عدالت میں آمدن سے زائد اثاثوں کا ریفرنس زیر سماعت ہے جس میں ان پر فرد جرم عائد ہوچکی ہے جب کہ عدالت سے مسلسل غیر حاضری پر ان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری بھی جاری ہوچکے ہیں۔نیب نے اسحاق ڈار کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کے لیے وزارت داخلہ کو خط لکھ دیا ہے۔