حامد خان کی پانامہ کیس میں پی ٹی آئی کے کیس کی پیروی سے معذرت کر دی

07:01 PM, 18 Nov, 2016

اسلام آباد : سینئر ماہر قانون حامد خان نے میڈیا پر تنقید کے بعد پاناما لیکس کیس میں پی ٹی آئی کی پیروی سے معذرت کرلی ہے جس کے بعد پی ٹی آئی کی قیادت نے اعتزاز احسن سے رابطہ کیا ہے اور امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ پی ٹی آئی کا کیس اعتزاز احسن پیش کریں گے ۔
نیو نیوز کے مطابق سینئر ماہر قانون حامد خان نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو ٹیلی فون کیا اور پاناما لیکس پر سپریم کورٹ میں جاری مقدمے کے مختلف پہلوؤں پر گفتگو کی۔ انہوں نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران میڈیا پر جاری مہم پر سخت تشویش کا اظہار کیا اور معذرت کرتے ہوئے کہا کہ میڈیا پر جاری مہم کے بعد میرے لیے پاناماکیس کی پیروی ممکن نہیں۔

 ٹیلی فونک گفتگو کے دوران چیئرمین تحریک انصاف نے خدمات پر حامد خان کو سراہا اور کہا خواہش ہے کہ حامد خان قانونی ٹیم کی معاونت جاری رکھیں۔ ان کی پیشہ وارانہ صلاحیتیں ، کمٹمنٹ کسی قسم کے شک وشبے سے بالا تر ہیں۔ حامد خان نے خدمات کے اعتراف پر چیئرمین عمران خان کا شکریہ ادا کیا اور درخواست کی کہ پاناما کیس سے الگ ہونے کی اجازت دی جائے۔

دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ حامد خان کے معذرت کرنے کے بعد پی ٹی آئی نے سینئر قانون دان بیرسٹر اعتزاز احسن سے رابطہ کیا ہے جس میں کیس کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔ اعتزاز احسن نے پی ٹی آئی کو پاناما کیس کے حوالے سے اہم ترین تجاویز بھی دی ہیں ۔

علاوہ ازیں پاناما لیکس کیس میں پی ٹی آئی کا موقف درست طریقے سے پیش نہ کرنے پر حامد خان اور نعیم بخاری پر پارٹی کے اندر تنقید کی جارہی تھی جس کے بعد فیصلہ کیا گیا تھا کہ کیس کی پیروی بابر اعوان کریں گے ۔ حامد خان کی معذرت کے بعد پی ٹی آئی کا کیس کون پیش کرے گا اس بات کا حتمی فیصلہ اتوار کے روز عمران خان کی لندن سے واپسی کے بعد کیا جائے گا۔

مزیدخبریں