لاس اینجلس : نامور گلوکارہ مارلن منرو کی جانب سے سابق امریکی صدر جان ایف کینیڈی کی سالگرہ پر گانا گانے کیلئے پہنا جانے والا لباس 48 لاکھ ڈالر (تقریباً 50 کروڑ پاکستانی روپے) میں نیلام کر دیا گیا۔ ہالی ووڈ کی نامور گلوکارہ مارلن منرو کی جانب سے 1962 میں اس وقت کے امریکی صدر جان ایف کینیڈی کی سالگرہ پر گانا گانے کے لئے پہنا جانے والا لباس 48 لاکھ ڈالر میں نیلام کر دیا گیا۔ میوزیم نیٹ ورک ’رپلیز بلیواٹ آر ناٹ‘ نے لاس اینجلس میں ہونے والی نیلامی میں مارلن منرو کا 2500 کرسٹلز والا دیدہ زیب لباس خریدا جب کہ نیلامی سے قبل لباس کی فروخت کا تخمینہ 30 لاکھ ڈالر لگایا گیا تھا۔
ریپلیز بلیو اٹ آر ناٹ کے نائب صدر ایڈور میئر کا کہنا تھا کہ ہمیں یقین ہے کہ یہ لباس پاپ کلچر کا سب سے منفرد اور مشہور نمونہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ میں نہیں سمجھتا کہ 20 ویں صدی میں کوئی چیز اس لباس سے زیادہ 1960 کی بہترین عکاسی کر سکتی ہے جو کہ اس لباس کے لئے بھی ایک ورلڈ ریکارڈ ہے۔ واضح رہے کہ مارلن منرو نے امریکی صدر جان ایف کینیڈی کی 45 ویں سالگرہ کے موقع پر 15 ہزار مہمانوں کے سامنے جین لوئس کا تیار کردہ لباس پہن کر گانا گایا تھا اور پھر اس واقعہ کے 3 ماہ کے اندر ہی ہالی ووڈ گلوکارہ نے خود کشی کرلی تھی۔ اس سے قبل 2011 میں بھی مارلن منرو کا ایک مشہور لباس 46 لاکھ ڈالر میں فروخت ہوا تھا۔
ہالی ووڈ گلوکارہ مارلن منرو کا یادگار لباس 48 لاکھ روپے میں نیلام
06:55 PM, 18 Nov, 2016