منیلا:ایک عدالتی حکم پر فلپائن کے سابق ڈکٹیٹر مارکوس فرڈینانڈ کی قومی ہیروز کے قبرستان میں سرکاری اعزاز کے ساتھ تدفین کر دی گئی ہے۔ تدفین کے وقت مرحوم صدر کو اکیس توپوں کی سلامی بھی دی گئی۔ ان کا تابوت فلپائن کے قومی پرچم میں لپٹا ہوا تھا۔
یہ قبرستان دارالحکومت منیلا کے جنوبی علاقے تاگوئگ میں واقع ہے۔ دوبارہ تدفین کی یہ تقریب ایک گھنٹے تک جاری رہی۔ اس تقریب میں سابق صدر کے اہلِ خانہ اور ان کی بیوہ ایملڈا مارکوس بھی موجود تھیں۔ اس موقع پر کئی شہروں میں عوامی سطح پرمشتعل شہریوں کی طرف سے احتجاجی مظاہروں کا اہتمام بھی کیا گیا۔ یہ مظاہرین ایسے بینر اٹھائے ہوئے تھے، جن پر ’مارکوس کوئی ہیرو نہیں‘ جیسے الفاظ درج تھے۔