لندن: مشہور طبیعیات دان اسٹیفن ہاکنگ نے انسانوں کو خبردار کیا ہے کہ ان کے پاس زمین پر رہنے کے لیے صرف 1000 سال بچے ہیں اور واحد قدم جو انسانی نسل کو خاتمے سے بچا سکتا ہے وہ نظام شمسی کے دوسرے سیاروں پر آبادکاری کرنا ہے۔کیمبرج یونیورسٹی میں دیے گئے ایک لیکچر میں ہاکنگ نے کہا کہ ہمیں انسانیت کے مستقبل کے لیے خلا میں مزید آگے جانا ہوگا۔"میرا نہیں خیال کہ ہم اگر اس نازک زمین سے نہیں نکلے تو مزید ایک ہزار سال جی سکتے ہیں۔"
ہاکنگ کے خیال میں مریخ پر خود انحصار آبادیاں اگلے 100 سال تک ممکن نہیں دکھائی دیتیں، اس لیے آنے والی دہائیوں میں بہت احتیاط سے کام کرنا ہوگا۔
موسمیاتی تبدیلی، اینٹی بایوٹکس کے خلاف مزاحمت اور باہم متصادم ممالک کی جوہری صلاحیتوں کو ذہن میں نہ بھی رکھیں تو بہت جلد انسانیت کو ایسے دشمنوں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے جن کے بارے میں وہ ابھی کچھ نہیں جانتا۔ گزشتہ سال ہاکنگ نے 20 ہزار محققین اور ماہرین کے ساتھ ایک اتحاد تشکیل دیا تھا، جس میں ایلون مسک، اسٹیو وزنیاک اور نوم چومسکی بھی شامل ہیں، جنہوں نے کسی بھی خودکار ہتھیار کی تیاری پر پابندی کا مطالبہ کیا یعنی ایسے ہتھیار جو بغیر انسانی مداخلت کے کسی بھی ہدف کو نشانہ بنا سکتے ہوں۔
پھر کسی خلائی مخلوق کی موجودگی بھی اس پورے منظرنامے کو بدل سکتی ہے اور ہاکنگ کہتے ہیں کہ انہیں کبھی اتنا یقین نہیں رہا جتنا اب ہے کہ ہم اس کائنات میں اکیلے نہیں ہیں۔ لیکن انہیں خطرہ ہے کہ اگر کوئی ایسی مخلوق موجود ہے، جو ہم سے کہیں زیادہ طاقتور ہے تو ہو سکتا ہے کہ ہمیں کچل کر رکھ دے۔
یہی وجہ ہے کہ انسانوں کو 'بیک اپ پلان' کی ضرورت ہے اور اسی لیے ہاکنگ نے ایک ہزار سال کی ڈیڈلائن دی ہے۔