اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان کے خلاف قومی احتساب بیورو نے توشہ خانہ تحائف کی فروخت سے متعلق ایک اور کیس کھول دیا جس میں ان پر 7 گھڑیاں خلاف قانون لینے اور بیچنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔
انکوائری رپورٹ میں کہا گیا کہ نیا کیس 10 قیمتی تحائف خلاف قانون پاس رکھنے اور بیچنے سے متعلق ہے جن میں گراف واچ، رولیکس گھڑیاں، ہیرے اور سونے کے سیٹ شامل ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ تحفے قانون کے مطابق اپنی ملکیت میں لیے بغیر ہی بیچے جاتے رہے، گراف واچ سیٹ بھی واپس کیے بغیر بیچا گیا، تحائف کی مالیت سے حوالے سے تخمینہ ساز کی ملی بھگت سے خریدار کو فائدہ پہنچایا گیا۔تخمینہ ساز نے توشہ خانہ سے ای میل آنے سے پہلے ہی گھڑی کی قیمت 3 کروڑ کم لگائی۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ گراف واچ کی قیمت 10 کروڑ 9 لاکھ 20 ہزار روپے لگائی گئی جس کی بیس فیصد رقم 2 کروڑ ایک لاکھ 78 ہزار روپے سرکاری خزانے کو دیے گئے۔