لاہور : نگران پنجاب حکومت کی طرف سے پی ٹی آئی کو دی گئی ڈیڈلائن ختم ہوگئی ہے۔ زمان پارک میں کسی بھی وقت آپریشن شروع ہوسکتا ہے۔ پولیس نے زمان پارک جانے والے تمام راستے بند کردیے ہیں۔
نیو نیوز کے مطابق نگران حکومت نے گزشتہ روز بتایا تھا کہ زمان پارک میں 30 سے 40 دہشت گرد موجود ہیں۔ پی ٹی آئی کو 24 گھنٹے کا وقت دیتے ہیں ان کو حوالے کردیں دوسری صورت میں آپریشن کیا جائے گا۔
پاکستان تحریک انصاف نے ایک بار پھر میڈیا کو زمان پارک آنے کی دعوت دی ہے۔ پی ٹی آئی نے اپنی ٹویٹ میں لکھا ہے کہ تمام میڈیا زمان پارک آئے اور حکومت کی جانب سے سرچ آپریشن کی کوریج کرے۔
واضح رہے کہ گذشتہ روز پنجاب کے نگراں وزیر اطلاعات عامر میر نے عمران خان کو زمان پارک میں موجود افراد کو پولیس کے حوالے کرنے کے لیے 24 گھنٹے کا الٹی میٹم دیا تھا اور کہا تھا کہ اس ضمن میں آج دن دو بجے تک کوئی کارروائی عمل میں نہیں لائی جائے گی۔