راولپنڈی: پی ٹی آئی کے پرتشدد مظاہروں کے دوران جی ایچ کیو حملہ کیس میں اہم پیش رفت ہوئی ہے۔ فوج مخالف نعرے بازی اور جی ایچ کیو حملہ کے مزید 15 شرپسندوں کی شناخت کرلی گئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ شرپسندوں کی گرفتاریوں کیلئے چھاپے تاحال جاری ہیں ۔ نئے شناخت ہونے والے 15 شرپسندوں کو جی ایچ کیو حملے کے مقدمے میں شامل کرلیا گیا۔ مقدمہ میں آرمی ایکٹ کی دفعات شامل کرکے تحقیقات حساس اداروں کے سپرد کی جائینگی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ شرپسندوں کے خلاف مختلف تھانوں میں مجموعی طور پر 18 مقدمات درج ہیں۔ جی ایچ کیو حملہ کی ایف آئی آر تھانہ آر اے بازار میں درج کی گئی ہے۔ جی ایچ کیو حملہ میں ملوث 76 سے زائد شرپسند اب تک گرفتار ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ جی ایچ کیو حملہ میں دہشتگردی کی دفعہ 7ATA سمیت دس دفعات شامل ہیں۔ راولپنڈی میں درج 18 مقدمات میں مجموعی طور پر 225 ملزمان گرفتار ہیں۔ جی ایچ کیو گیٹ پر حملہ میں سابق صوبائی وزیر راجہ بشارت نامزد جبکہ 6 ملزمان کو موقع سے گرفتار کیا گیا۔