سانحہ 9 مئی کے سہولت کاروں اور ماسٹر مائنڈ کو نہیں چھوڑیں گے: محسن نقوی

10:45 AM, 18 May, 2023

نیوویب ڈیسک

فیصل آباد : نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے پولیس لائنزفیصل آبادمیں شرپسندوں کے حملوں سے زخمی ہونیو الے پولیس اہلکاروں سے ملاقات  کی ۔ اہلکاروںکی خیریت دریافت کی اور اوران کے بلند حوصلے کو سراہا ۔ 

نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت پولیس لائنز اورکمشنر آفس فیصل آباد میں اعلیٰ سطح کے اجلاس ہوا۔ امن وامان کی صورتحال اور9مئی کے دہشت گردی کے واقعات میں ملوث شرپسندوں کے خلاف قانونی کارروائیوں کا جائزہ لیاگیا۔ 

محسن نقوی نے کہا کہ  پنجاب پولیس کے بہادرسپوتوں نے جس تحمل کا مظاہر ہ کیا وہ قابل تحسین ہے۔پولیس کے افسروں اورجوانوں نے فرض شناسی کی عمدہ مثال قائم کی۔قوم کو آپ پر فخر ہے، جنہوں نے سیاسی جتھے کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا۔ پولیس کے بہادر اور جری جوان اپنے فرائض محنت اور پروفیشنل ازم سے سر انجام دے رہے ہیں۔

محسن نقوی نے مزید کہا کہ تمام شرپسندوں کو جتنی جلدی ہوسکے قانون کی گرفت میں لایا جائے۔   شرپسندوں کے خلاف قانونی کارروائی کو پیشہ ورانہ طریقے سے آگے بڑھایا جائے۔تمام کیسز کی پروفیشنل اورقانونی لحاظ سے موثر تفتیش کی جائے تاکہ کوئی بھی شرپسند بچ نہ پائے۔ شرپسندوں کے سہولت کاروں اورماسٹر مائنڈکو بھی قانون کے کٹہرے میں لائیں گے۔

نگران وزیر اعلیٰ نے کہا کہ قانون ہاتھ میں لینے والے عناصر سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔ متعدد شرپسند پکڑے جاچکے ہیں،مزید کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے،کسی کو معافی نہیں ملے گی۔  صوبائی وزراء عامر میر،ڈاکٹرجاویداکرم،صوبائی مشیر وہاب ریاض،انسپکٹر جنرل پولیس،کمشنرفیصل ڈویژن،آرپی اوفیصل آبادسی پی او فیصل آباد اورمتعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔ 

مزیدخبریں