پشاور:صوبہ خیبر پختونخوا حکومت کا ایک اور بڑا کارنامہ ،کم آمدن والے افراد کیلئے انصاف فوڈ کارڈ اسکیم کا اجرا کر دیا گیا جس کے تحت کم آمدن والے افراد کو ماہانہ 2100 روپے دئیے جائینگے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعلی محمود خان نے کم آمدن والے افراد کیلئے انقلابی اقدام اُٹھاتے ہوئے مہنگائی کا مقابلہ کرنے کیلئے انصاف فوڈ کارڈ کا اجرا کر دیا ،صوبے کے کم آمدنی والے گھرانوں کو مفت راشن کی فراہمی کے لئے فوڈ کارڈ اسکیم کا اجراءکیا گیا ہے ،اسکیم کے تحت 25 ہزار سے کم ماہانہ آمدنی والے گھرانوں کو بنیادی آشیائے خوردونوش کی خریداری کے لئے نقد رقم فراہم کی جائے گی۔
انصاف فوڈ کارڈ اسکیم کے ذریعے مستحق خاندانوں کو ماہانہ 2100 روپے دئے جائیں گے،اسکیم سے 50 لاکھ افراد اور دس لاکھ خاندان مستفید ہونگے،اسکیم پر سالانہ 26 ارب روپے لاگت آئے گی۔ اسکیم پر عملدرآمد کے لئے محکمہ خوراک اور بینک آف خیبر کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کر دئیے گئے ۔
وزیر اعلیٰ محمود خان کا کہنا تھا کہ صحت کارڈ اسکیم کے بعد فوڈ کارڈ اسکیم پی ٹی آئی حکومت کا ایک اور تاریخی اور غریب پرور منصوبہ ہے،صوبائی حکومت نے عمران خان کے وژن کے مطابق نادار لوگوں کو سپورٹ فراہم کرنے کا ایک اور وعدہ پورا کیاہے،ابتدائی طور پر صوبے کے کم آمدنی والے 10 لاکھ گھرانوں کو اشیائے خوردونوش کی خریداری کے لئے سپورٹ فراہم کی جائے گی،اگلے مرحلے میں مزید خاندانوں کو بھی اسکیم میں شامل کیا جائے گا۔
ترجمان کےپی کے حکومت کا کہنا ہے یکم جولائی سے اسکیم کا باقاعدہ آغاز کیا جائے گا، فوڈ کارڈ اسکیم صوبائی حکومت کا ایک تاریخی منصوبہ ہے جس کی صوبے اور ملک کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی، صوبائی حکومت عوام کو ہر ممکن ریلیف کی فراہمی کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے گی۔