اسلام آباد:وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ آئین کی بات عمران خان کی عقل میں آجاتی تو آدھی رات کو عدالت کے دروازے نہ کھولے جاتے ،عمران صاحب حقیقت کا ادراک کریں، عوام فیصلہ کرچکے ہیں ، اس کے سامنے سرجھکائیں ۔
وزیراطلاعات مریم اورنگزیب نے فواد چوہدری کے بیان پر ردعمل میں مزید کہا کہ عمران صاحب کو عقل کی بات دیر سے سمجھ آئی، اسی لئے پارلیمنٹ سے نکالے گئے ،انہیں عقل کی بات سمجھ میں آتی توعوام دشمن شرائط پر آنکھیں بند کرکے معاہدوں پر دستخط نہ کرتے، معیشت تباہ،روزگار ختم اور تاریخی مہنگائی سے عوام کی سانس بند نہ ہوتی ۔
انہوں نے کہا امپورٹڈ ترجمان اپنے ریجیکٹڈ لیڈر کی مجروح اناکی تسکین کے لئے روز نت نئے جھوٹ بولتے ہیں،عمران صاحب کو عقل ہوتی تو آپ جیسے ادھارے ترجمان ہوتے؟عمران صاحب میں عقل ہوتی تو فرح گوگی کے ذریعے کرپشن کرتے؟
توشہ خانہ کی قومی امانت میں خیانت کرتے؟ اپنے چار سال کے 20 ہزار ارب کے تاریخی قرض کی طرح جھوٹ بول کر اپنے گناہوں کا روز بوجھ بڑھاتے ہیں ۔عملی طور پر آپ کی حکومت ختم ہوچکی ہے لیکن آپ ماننے کو تیار نہیں ،جو لوگ خود نہیں گئے، انہیں آئین کی طاقت سے نکالا جاچکا ہے،عوام نے فیصلہ کیا تھا کہ عمران صاحب کی نالائقی، نااہلی اور کرپشن سے جان چھڑائی جائے، ہم نے چھڑا دی ہے، الحمداللہ