راولپنڈی: عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ آصف علی زرداری نے مسلم لیگ (ن) کو وہاں مارا ہے جہاں پانی نہ ملے، نگران وزیراعظم کیلئے معیشت دانوں کے انٹرویو ہو رہے ہیں اور بہتر ہے کہ لانگ مارچ سے پہلے الیکشن کی تاریخ آ جائے۔
تفصیلات کے مطابق راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ حکومت کے پاس ایک ووٹ کی اکثریت ہے جو قائم نہیں رہ سکتی، ہرگزرتے دن کے ساتھ ان کی مشکلات میں اضافہ ہوتا جائے گا یہ حکومت زیادہ دیرقائم نہیں رہ سکتی، یہ اداروں سے ایک سال کی گارنٹی کی بھیک مانگ رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ادارے بے خبر نہیں بلکہ باخبر ہیں اور پوری قوم عمران خان کیساتھ ہیں، نگراں وزیراعظم کیلئے معیشت دانوں کے انٹرویو ہورہے ہیں، 31 مئی سے پہلے فیصلے آئیں گے، یہ نیب اور ایف آئی کا کچھ نہیں بگاڑ سکیں گے، مسلم لیگ (ن) کو آصف زرداری نے وہاں مارا ہے جہاں پانی نہ ملے۔
دوسری جانب راولپنڈی ہائیکورٹ بینچ نے سابق وزیرداخلہ شیخ رشید کی عبوری ضمانت میں 6 جون تک توسیع کردی ہے اور شیخ رشید کو آئندہ تاریخ تک گرفتار اورہراساں نہ کرنے کا حکم دینے کے علاوہ آئندہ سماعت میں تھانہ اٹک اورتھانہ مدینہ ٹاؤن فیصل آباد کا مکمل ریکارڈ طلب کر لیا ہے۔