لاہور: انگلش کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ باؤلر ڈیرن گف بھی لاہور کے دلدادہ ہو گئے، پاکستان کو کرکٹ کیلئے محفوظ مقام قرار دیتے ہوئے آنیوالے دنوں میں برطانوی کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان سے متعلق بڑا بیان بھی دیدیا۔
تفصیلات کے مطابق سابق انگلش ٹیسٹ کرکٹر اور انگلینڈ کے کاؤنٹی کرکٹ کلب یارک شائر کے ایم ڈی ڈیرن گف ان دنوں لاہور کے دورے پر ہیں جہاں شہر کی رنگینیوں نے سابق کرکٹر کو اپنا مداح بنا لیا ۔ ڈیرن گف نے اپنے دورہ لاہور کو شاندار قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہاں سیکیورٹی کے کوئی مسائل نہیں، برطانوی ٹیم ضرور پاکستان کا دورہ کریگی۔
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل ) کی فرنچائز لاہور قلندرز کی دعوت پر لاہور کا دورہ کرنے والے ڈیرن گف نے شہر میں تاریخی مقامات کا دورہ کیا اور دیسی کھانوں کا مزہ بھی لیا جبکہ لاہور قلندرز کے ہائی پرفارمنس سنٹر میں پلئیر ڈویلپمنٹ پروگرام کے ٹرائلز کا جائزہ بھی لیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے۔
ڈیرن گف نے 22 سال قبل دورہ پاکستان کی یاد تازہ کرتے ہوئے کہا کہ مجھے یاد ہے میں2000ء میں پاکستان کیخلاف سیریز کیلئے یہاں آیا تھا، ہم کراچی میں جیتے تھے اور لاہور میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
سابق انگلش کرکٹر نے کہا کہ پاکستان میں سیکورٹی کا کوئی مسئلہ نہیں انگلینڈ کی ٹیم ستمبر میں دورہ پاکستان پر ضرور آئے گی۔