کیپ ٹاؤن: جنوبی افریقہ کے سٹار کرکٹر اے بی ڈی ویلیئرز نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ حتمی قرار دیدیا ہے اور اس کیساتھ ہی ٹی 20 ورلڈکپ سے قبل ان کی واپسی کے امکانات بھی ختم ہوگئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق جنوبی افریقہ کرکٹ ٹیم جارح مزاج بلے باز اے بی ڈویلیئرز نے مئی 2018ءمیں انٹرنیشنل کرکٹ کو خیرباد کہہ دیا تھا مگر وہ دنیا کی مختلف ٹی 20 لیگز میں شریک ہو رہے تھے جبکہ ٹی 20 ورلڈکپ کیلئے جنوبی افریقہ کی نمائندگی کیلئے کوچ مارک باؤچر سے ان کی بات چیت بھی چل رہی تھی تاہم اب یہ قیاس آرائیاں دم توڑ گئی ہیں۔
امید کی جارہی تھی کہ اے بی ڈی ویلیئرز رواں سال اکتوبر، نومبر میں بھارت میں ہونے والے ٹی 20ورلڈکپ میں ان ایکشن نظر آئیں گے اور دنیا بھر میں موجود ان کے پرستار ایک بار پھر انہیں انٹرنیشنل کرکٹ کھیلتا دیکھیں گے لیکن اب جنوبی افریقہ کرکٹ بورڈ نے یہ تاثر مسترد کر دیا ہے۔
جنوبی افریقی میڈیا کے مطابق کرکٹ ساؤتھ افریقہ (سی اے) نے کہا ہے کہ اے بی ڈویلیئرز کی انٹرنیشنل کرکٹ میں واپسی کے کوئی امکانات نہیں ہیں، انہوں نے ریٹائرمنٹ کا حتمی فیصلہ کیا تھا اور وہ آج بھی اپنے فیصلے پر قائم ہیں۔
اے بی ڈویلیئرز کے ٹی 20 ورلڈکپ کھیلنے کے امکانات ختم
06:36 PM, 18 May, 2021