دبئی: متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی حکومت نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 6 کے بقیہ میچز کروانے کیلئے اجازت دیدی ہے جس کا باقاعدہ اعلان پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) جلد کرے گا۔
تفصیلات کے مطابق ابوظہبی میں موجود پی سی بی کی سات رکنی ٹیم نے لاہور میں پی سی بی حکام کو فیصلے سے آگاہ کردیا ہے اور پی سی بی جلد ہی اس ضمن میں باقاعدہ اعلان کر دے گا۔ پی ایس ایل کے میچز کھیلنے کیلئے کھلاڑیوں کو خصوصی فلائٹس کے ذریعے ابوظہبی بجھوایا جائے گا اور اس حوالے سے فرنچائزز نے اپنی تیاریاں شروع کردی ہیں۔
واضح رہے کہ پی سی بی نے لاجسٹک مسائل کو سامنے رکھنے کے ساتھ ٹیم اونرزکی مشاورت سے یکم سے 20 جون تک اعلان کردہ میچز کے شیڈول میں ترمیم کا حتمی فیصلہ کیا گیا ہے اور اس کا اعلان بھی اگلے چند گھنٹوں میں متوقع ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کھلاڑیوں اور سپورٹنگ سٹاف کو 2 چارٹرڈ طیاروں پر ابوظہبی روانہ ہوں گے، یو اے ای جانے والے تمام کھلاڑی اور مینجمنٹ کے افراد پہلے لاہور میں قرنطینہ کریں گے اور پھر سات سے 10 روز ابوظہبی میں بھی قرنطیہ اختیار کریں گے۔
ٹورنامنٹ میں شرکت کرنے والے افراد کی لاہور میں کورونا وائرس ٹیسٹنگ ہو گی اور پہلا ٹیسٹ منفی آنے کے بعد کھلاڑی لاہور اور کراچی میں رپورٹ کریں گے جس کے بعد ان کی روانگی کا شیڈول طے کیا جائے گا۔ یاد رہے کہ رواں سال لیگ کے چھٹے سیزن کے میچ دلچسپی کا مرکز بن رہے تھے مگر کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزیوں کے سبب ایونٹ ہی ملتوی کرنا پڑا۔