کراچی: سندھ حکومت نے عالمی وبا کورونا کے باعث بیوٹی پارلرز، شادی ہالز، مزارات اور پارکس کو مزید بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے اور پاپندی کا اطلاق 31 مئی تک ہو گا۔
سندھ حکومت نے کورونا ایس او پیز کے حوالے سے نیا حکم نامہ جاری کیا ہے جس کے تحت سنیما گھر، بیوٹی پارلرز، شادی ہالز، مزارات، پارکس بند رہیں گے جب کہ کھیلوں کی سرگرمیوں پر بھی پابندی برقرار رہے گی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق سرکاری دفاتر کے اوقات کار معمول کے مطابق کردیے گئے ہیں اور کاروبار کے اوقات کار صبح 6 تا رات 8 بجے تک ہوں گے جب کہ صوبے بھر میں ہفتہ اور اتوار کاروبار بند رہے گا۔ دفاتر میں ملازمین کی حاضری 20 فیصد سے بڑھا کر 50 فیصد کر دی گئی ہے۔
نوٹیفکیشن کےمطابق ہوٹلز اور ریسٹورینٹس کے لیے رات 12 بجے تک کاروبار کی اجازت ہو گی جب کہ ڈائن ان ٹیبل سروس پر بھی پابندی برقرار رہے گی۔ نوٹیفیکیشن کے مطابق حکم نامے کا اطلاق 31 مئی تک ہو گا۔