اسلام آباد: سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ رنگ روڈ میں سینکڑوں ارب کی کرپشن ہوئی لیکن کوئی گرفتاری نہیں ہوئی ۔ اگر ملک میں انصاف ہوتا تو اسپیشل اسسٹنٹ کو جیل میں ڈالا جاتا ، رنگ روڈ اسکینڈل میں اصل مجرموں کو چھپانے کی کوشش کی جا رہی ہے ۔
اپنے بیان میں شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ رنگ روڈ اسکینڈل میں کل ایک معاون خصوصی نے استعفیٰ دے دیا ، موجودہ حکومت کے ہر وزیر پر کرپشن کے الزامات ہیں ، جس دن حکومت گئی کوئی وزیر ، معاون خصوصی آپ کو نظر نہیں آئے گا ۔ انہوں نے کہا کہ معاونین خصوصی کا اس ملک سے کوئی تعلق نہیں اسلیے معاونین خصوصی سب سے پہلے ملک چھوڑ جائیں گے ۔
سابق وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت کی جانب سے پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کو 8 کیسوں میں ملوث کرنے کی کوشش کی گئی لیکن ان میں کرپشن کا کوئی کیس نہیں ہے ، نیب پراسیکیوٹر نے کہا شہباز شریف پر کرپشن کا کوئی کیس نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کے خلاف آخر کیس کیا ہے پتہ نہیں چل سکا ۔