اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی فلسطین کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر عالمی برادری کی توجہ مبذول کروانے کے سفارتی مشن پر ترکی پہنچ گئے، سوڈان، فلسطین اور ترک وزرائے خارجہ کے ہمراہ نیویارک جائیں گے۔
انقرہ ہوائی اڈے پر انقرہ کے ڈپٹی گورنر اسماعیل کوریجی، ترکی میں پاکستان کے سفیر سائیرس قاضی اور سفارتخانے کے سینئر افسران نے وزیر خارجہ کا خیر مقدم کیا۔ وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی، سوڈان، فلسطین اور ترک وزرائے خارجہ کے ہمراہ ترکی سے نیویارک جائیں گے، جہاں پر مختلف اہم شخصیات کے ساتھ ملاقاتیں کریں گے۔
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی، اقوام متحدہ جنرل اسمبلی میں مظلوم فلسطینیوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کے خلاف آواز اٹھائیں گے، وزیر خارجہ، مقامی و بین الاقوامی میڈیا نمائندگان سے گفتگو کریں گے اور فلسطین کی صورتحال پر پاکستان کا نقطہ نظر پیش کریں گے۔
خیال رہے کہ غزہ میں اسرائیل کی بمباری آج دوسرے ہفتے میں داخل ہو گئی۔ آج صبح اسرائیلی طیاروں نےغزہ کے ساحلی علاقے میں شدید بمباری کی۔
اسرائیلی حملوں سے غزہ شہردھماکوں سے گونج اٹھا، حملوں کے نتیجے میں کئی علاقوں کی بجلی منقطع ہو گئی اور بڑی تعداد میں عمارتوں کو نقصان پہنچا۔ غزہ کے ایک رہائشی کا کہنا ہے کہ حملوں کی یہ شدت پہلے کبھی نہیں دیکھی گئی۔
اسرائیل کی جانب سے یہ بمباری حماس کی طرف سے راکٹ حملوں کے جواب میں کیے گئے۔ حماس کے راکٹ حملے میں اسرائیلی شہر اشدود میں کیے گئے جس کے نتیجے میں تین اسرائیلی شہری معمولی زخمی ہوئے۔
فسلطینی وزارت صحت کے مطابق اسرائیلی جارحیت میں غزہ میں گزشتہ پیرسے اب تک 85 بچوں اور 34 خواتین سمیت شہید ہونے والوں کی تعداد 218 ہوگئی ہے جبکہ ساڑھے 5 ہزار سے زیادہ زخمی ہیں۔
گزشتہ روز غزہ میں اسرائیلی حملوں میں 8 بچوں، 2 ڈاکٹروں سمیت 42 فلسطینی جاں بحق ہوئے تھے۔غزہ پر اتوار کی شب ہونے والے فضائی حملے ابھی تک کے سب سے زیادہ شدید حملے تھے۔