وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس آج ہوگا

08:24 AM, 18 May, 2021

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس آج ہوگا جس میں فلسطین کی صورتحال سمیت 14 نکاتی ایجنڈا زیر بحث آئے گا ۔

حکومتی ذرائع کے مطابق اجلاس میں کابینہ پاک چین سفارتی تعلقات کے 70 سال مکمل ہونے پر یادگاری سکہ جاری کرنے ، الیکشن کمیشن کی سالانہ رپورٹ پارلیمنٹ میں پیش کرنے اور نجی ایئرلائن کو پیسنجر اینڈ کارگو لائسنس جاری کرنے کی منظوری دے گی ۔

اس کے علاوہ لیگل ایڈ اینڈ جسٹس اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل کی تعیناتی بھی ایجنڈے میں شامل ہے ۔ کابینہ کمیٹی برائے قانون سازی اور اقتصادی رابطہ کمیٹی کے فیصلوں کی توثیق بھی جائے گی ۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت حکومتی رہنماؤں اور ترجمانوں کا اجلاس ہوا جس میں ملکی معاشی صورتحال پر بریفنگ دی گئی ۔ معاشی ٹیم نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ کورونا وباء کے باوجود ہمارے معاشی اعشاریے مثبت ہیں ، برآمدات اور ترسیلات زر میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے ، اس وقت مہنگائی پوری دنیا کا مسئلہ ہے جبکہ پاکستان میں مہنگائی دیگر ممالک کی نسبت کم ہے ، خطے میں سب سے کم پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں پاکستان میں ہیں ۔

اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ شہباز شریف سمیت قومی دولت لوٹنے والوں کو کسی بھی طرح سے نہیں چھوڑا جا سکتا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت مہنگائی میں کمی کے لیے ہر ممکن انتظامی اور پالیسی فیصلے کر رہی ہے ، مثبت معاشی اعشاریوں کا فائدہ براہ راست عوام کو ملنا چاہیے ، آئندہ بجٹ میں عوامی ریلیف اور ترقیاتی منصوبوں پر توجہ دی جائے گی ۔

مزیدخبریں