راولپنڈی رنگ روڈ کرپشن کیس ، ڈی جی راولپنڈی ڈیویلپمنٹ اتھارٹی عبدالستار کو عہدے سے ہٹا دیا گیا

ڈی جی راولپنڈی ڈیویلپمنٹ اتھارٹی عبدالستار

لاہور : راولپنڈی رنگ روڈ کرپشن کیس میں   ڈی جی راولپنڈی ڈیویلپمنٹ اتھارٹی عبدالستار کو عہدے سے ہٹا دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق  عبدالستار کو محکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن رپورٹ کرنے کا حکم دیا گیا ہے ۔ چیف سیکرٹری پنجاب جواد رفیق ملک کی منظوری سے نوٹیفیکیشن جاری کیا گیا ۔

 محکمہ ایس اینڈ جی اے ڈی نے ڈی جی راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی عبدالستار کو عہدے سے ہٹانے کا نوٹیفکیشن جاری کیا جبکہ  راولپنڈی رنگ روڈ کرپشن کیس میں کمشنر راولپنڈی سمیت متعدد افسران کو عہدے سے ہٹایا جا چکا ہے ۔ وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار نے اینٹی کرپشن پنجاب کو راولپنڈی رنگ روڈ کرہشن سے متعلق معاملے کی انکوائری کا حکم دیا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم پاکستان عمران خان کے معاون خصوصی سید ذوالفقار عباس بخاری راولپنڈی رنگ روڈ سکینڈل کے باعث اپنے عہدے سے مستعفی ہو گئے تھے ۔
 زلفی بخاری نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دینے کا اعلان سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری پیغام کے ذریعے کرتے ہوئے کہا کہ میں وزیراعظم کی سوچ کے مطابق مثال قائم کر رہا ہوں، معاملے کی شفاف تحقیقات کیلئے جوڈیشل کمیشن بنایا جائے۔


زلفی بخاری نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ پاکستان میں رہوں گا اور ہر قسم کی تحقیقات میں تعاون کروں گا اور صرف شفاف تحقیقات کیلئے عہدے سے الگ ہو رہا ہوں، الزامات سے بری ہونے تک میں اپنے عہدے پر واپس نہیں آؤں گا۔ 

واضح رہے کہ زلفی بخاری معاون خصوصی برائے اوورسیز پاکستانیز کے عہدے پر تعینات تھے۔ قومی احتساب بیورو (نیب) کے چیئرمین جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے راولپنڈی رنگ روڈ منصوبے میں اربوں روپے کی مبینہ کرپشن کے معاملے کا نوٹس لے لیا ہے۔
چیئرمین نیب کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ تفتیشی ٹیمیں راولپنڈی رنگ روڈ منصوبے میں بدعنوانی کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیں اور کرپشن کے تمام ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے۔ چیئرمین نیب نے راولپنڈی رنگ روڈ منصوبے میں بے ضابطگی اور غیر قانونی لینڈ ایکوزیشن کی تحقیقات کا حکم دیدیا ہے۔

(بشکریہ: نیو نیوز)