غزہ: غزہ میں اسرائیل کی بمباری آج دوسرے ہفتے میں داخل ہو گئی۔ آج صبح اسرائیلی طیاروں نےغزہ کے ساحلی علاقے میں شدید بمباری کی۔
اسرائیلی حملوں سے غزہ شہردھماکوں سے گونج اٹھا، حملوں کے نتیجے میں کئی علاقوں کی بجلی منقطع ہو گئی اور بڑی تعداد میں عمارتوں کو نقصان پہنچا۔ غزہ کے ایک رہائشی کا کہنا ہے کہ حملوں کی یہ شدت پہلے کبھی نہیں دیکھی گئی۔
اسرائیل کی جانب سے یہ بمباری حماس کی طرف سے راکٹ حملوں کے جواب میں کیے گئے۔ حماس کے راکٹ حملے میں اسرائیلی شہر اشدود میں کیے گئے جس کے نتیجے میں تین اسرائیلی شہری معمولی زخمی ہوئے۔
فسلطینی وزارت صحت کے مطابق اسرائیلی جارحیت میں غزہ میں گزشتہ پیرسے اب تک 85 بچوں اور 34 خواتین سمیت شہید ہونے والوں کی تعداد 218 ہوگئی ہے جبکہ ساڑھے 5 ہزار سے زیادہ زخمی ہیں۔
گزشتہ روز غزہ میں اسرائیلی حملوں میں 8 بچوں، 2 ڈاکٹروں سمیت 42 فلسطینی جاں بحق ہوئے تھے۔غزہ پر اتوار کی شب ہونے والے فضائی حملے ابھی تک کے سب سے زیادہ شدید حملے تھے۔
امریکا نے اسرائیل اور فلسطین پر زور دیا ہے کہ وہ تشدد کا راستہ ترک کرکے سیز فائر کی طرف آئیں۔
ڈنمارک کے دورے پر موجود امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے فریقین پر زور دیا ہے کہ وہ عام شہریوں کا تحفظ خاص طور پر بچوں کی حفاظت یقینی بنائیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم تشدد کی موجودہ لہر کو ختم کرنے کیلئے اپنی بہترین سفارتکاری کو بروئے کار لاتے رہیں گے، اگر فریقین سیز فائر چاہتے ہیں تو ہم اس میں تعاون کیلئے تیار ہیں۔