بھارت کی جعلی فلیگ آپریشن کی منصوبہ بندی ، منہ توڑ جواب دیں گے، وزیر خارجہ

بھارت کی جعلی فلیگ آپریشن کی منصوبہ بندی ، منہ توڑ جواب دیں گے، وزیر خارجہ
کیپشن: Image Source: File Photo

اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان جنگی جنون میں مبتلا نہیں ہونا چاہتا تاہم بھارت جعلی فلیگ آپریشن کی منصوبہ بندی کر رہا ہے، اس نے مہم جوئی کی تو فروری کی طرح منہ توڑ جواب دیں گے۔


تفصیلات کے مطابق ، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ  افغانستان امن عمل میں کچھ طاقتیں رخنہ ڈال رہی ہیں۔ رخنہ ڈالنے والوں میں ایک قوت ہمارے پڑوس میں ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ اشرف غنی اور عبداللہ عبداللہ میں ایک معاہدہ طے پایا ہے۔ افغانستان میں دیرپا امن کیلئے افغان گروپوں میں بھی مذاکرات ضروری ہیں۔ افغانستان میں قیدیوں کی رہائی کے عمل کو تیز کرنا چاہیے۔ امن کے لئے سازگار ماحول درکار ہے، اس میں سب کو کردار ادا کرنا ہے۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ایک لاکھ دس ہزار سے زائد پاکستانیوں نے وطن واپس آنے کیلئے رابطہ کیا ہے۔ ان میں طلبہ اور مزدوروں سمیت تبلیغ کیلئے گئے پاکستانی شامل ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان جنگی جنون میں مبتلا نہیں ہونا چاہتا تاہم بھارت نے مہم جوئی کی تو فروری کی طرح منہ توڑ جواب دیں گے۔ اگر بھارت نے کوئی حماقت کی تو جواب کا منتظر رہے۔

ملکی معاشی صورتحال پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ حکومت یہ ارادہ رکھتی ہے کہ کاشت کار کو کھاد کی قیمتوں میں ریلیف دیا جائے۔ وزیراعظم کے حکم پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں خاطر خواہ کمی کی گئی۔ لوگوں کو زراعت اور ٹرانسپورٹ میں ریلیف ملے گا۔