ممبئی: پاکستان کے سابق آل راؤنڈر شاہد آفریدی کی جانب سے بھارت اور وزیراعظم نریندر مودی کو آئینہ دکھانے پر ہربھجن سنگھ اور یووراج سنگھ بر ا مان گئے۔
ہربھجن نے کہا کہ ”ہمارے ملک اور وزیراعظم کا مذاق اڑانے والے آفریدی اب میرے دوست نہیں رہے، میں اور یووراج سنگھ انسانیت کے ناطے ان کی فاؤنڈیشن کو سپورٹ کررہے تھے، وہ بجائے اس کے کہ ہمارا شکریہ ادا کرتے الٹا پشت پر وار کرنا شروع کردیا، میں اب انہیں کبھی سپورٹ نہیں کروں گا اور نہ ہی ان کیلیے کوئی ویڈیو یا سوشل میڈیا پوسٹ کروں گا“۔
دوسری جانب یووراج سنگھ نے کہاکہ ”مجھے آفریدی کے اپنے وزیراعظم کے بارے میں کمنٹس پر مایوسی ہوئی، میں نے انکے کہنے پر انسانیت کے ناطے چیریٹی اپیل کی تھی مگر اب ایسا نہیں کروں گا“۔
خیال رہے کہ کچھ عرصہ قبل سابق بھارتی کرکٹر ہربھجن سنگھ اور یوراج سنگھ نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شاہد آفریدی کی بنائی ہوئی آفریدی فاؤنڈیشن کی حمایت میں اپنا اپنا ویڈیو پیغام شیئر کیا تھا، تاہم دونوں سابق کرکٹرز کو ان کے ہم وطنوں کی جانب سے شاہد آفریدی کی حمایت کرنے پر سخت الفاظ میں تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا، جس پر دونوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے وضاحتی بیان بھی دیے تھے۔