اسلام آباد: وزارت پوسٹل سروسز کے ملک بھر میں ریسٹ ہاؤسز کو عوام کیلئے کھول دیا گیا۔ وفاقی وزیر مراد سعید کی ہدایت پر ریسٹ ہاؤسز سے متعلق باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔
وزارت پوسٹل سروسز کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ شہری تفریحی مقامات کی سیر کے دوران سرکاری ریسٹ ہاؤسز میں قیام کر سکیں گے اور ریسٹ ہاؤسز انتہائی کم معاوضے پر دستیاب ہوں گے۔
اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ وفاقی وزیر مراد سعید کی ہدایت پر کراچی سے مری تک تمام ریسٹ ہاؤسز کی تزئین و آرائش مکمل کر لی گئی ہے۔ ایوبیہ، گلیات، سوات، گلگت اور مظفر آباد کی حسین وادیوں میں قائم ریسٹ ہاؤسز دستیاب ہوں گے جن میں شہری کم سے کم 1200 اور زیادہ سے زیادہ 3000 روپے میں قیام کرسکیں گے۔
اعلامیے کے مطابق یہ فیصلہ ملکی وسائل کے بہتر استعمال اور عوامی سہولت کے پیش نظر کیا گیا، اقدام سے حکومتی آمدن میں اضافہ اور عوام کے اخراجات میں کمی ممکن ہو سکے گی۔
اعلامے میں مزید کہا گیا ہے کہ شہری پاکستان پوسٹ کی ایپ سے بھی ریسٹ ہاوسز کی معلومات حاصل کر سکتے ہیں۔