کراچی :سٹیٹ بنک آف پاکستان کی طرف سے شہریوں کے لیے ”عیدی“ کے حوالے سے خصوصی اعلان کردیا گیاہے۔
سٹیٹ بنک کی طرف سے کہا گیاہے کہ اگر کسی شہری کو بچوں اور عزیزواقارب کی ”عیدی“ کے لیے نئے کرنسی نوٹ درکار ہیں تو وہ سٹیٹ بینک کی ایس ایم ایس سروس 8877سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔
ترجمان سٹیٹ بینک کے مطابق وہ اپنے ذیلی ادارے ایس بی پی بینکنگ سروسزکارپوریشن کے ذریعے سروس شروع کررہے ہیں۔ نئے نوٹ کمرشل بینکوں کی نامزدشاخوں کی ای برانچزپر دستیاب ہوں گے۔سٹیٹ بنک کی طرف سے کہا گیاہے کہ ان کے16فیلڈدفاترسے بھی نئے کرنسی نوٹ حاصل کیے جاسکیں گے۔
ترجمان کے مطابق سروس کی بکنگ 19 مئی جبکہ ایس ایم ایس سروس سے نوٹ کااجرا20مئی سے شروع ہوگااور 31 مئی تک جاری رہےگا۔سٹیٹ بنک کی طرف سے کہا گیاہے کہ 142شہروں میں 1702ای برانچز اورایس بی پی بی ایس سی کے16فیلڈدفاترپریہ سہولت میسر ہوگی۔ترجمان سٹیٹ بنک کے مطابق نئے نوٹوں کے حصول کیلئے ایس ایم ایس کے چارجز1.50روپے جمع ٹیکس ہوں گے۔ خواہشمندافرادکمپیوٹرائزڈشناختی کارڈنمبرای برانچ کی آئی ڈی کےساتھ 8877 پرارسال کرینگے۔
سٹیٹ بنک نے یہ وضاحت بھی کی ہے کہ ایک شخص کو10روپے کے تین پیکٹ،50روپے اور100روپے کے ایک ایک پیکٹ فراہم کیے جائینگے۔مرکزی بنک کی طرف سے یہ بھی واضح کیا گیاہے کہ نئے نوٹوں کے حصول کے لیے ایک شناختی کارڈ نمبراورموبائل نمبرصرف ایک مرتبہ استعمال کیاجاسکتاہے۔ ایک آئی ڈی کارڈ نمبر کو مختلف موبائل نمبروں سے استعمال کرنے پر ٹرانزیکشن کوڈ جاری نہیں ہوگا۔
شہری کی طرف ایس ایم ایس کیے جانے کے بعد صارف کو بنک کی جانب سے ٹرانزیکشن نمبر ایس ایم ایس کے ذریعے بھیجا جائے گا، جس کے ساتھ بنک برانچ کا ایڈریس اور تاریخ دی جائے گی تاکہ نئے نوٹ حاصل کیے جاسکیں۔صارف کو نئے کرنسی نوٹ لینے کے لیے اصل شناختی کارڈ یا اسمارٹ کارڈ اور 8877 سے موصول ہونے والا کوڈ بھی ساتھ لانا ہوگا۔