وزیراعظم ،خورشید شاہ کی ملاقات میں نگران وزیراعظم کے تقرر کا فیصلہ نہ ہوسکا

02:04 PM, 18 May, 2018

اسلام آباد: وزیر اعظم اور اپوزیشن لیڈر کے درمیان ملاقات میں نگران وزیر اعظم کا تقرر نہ ہو سکا اور اب منگل کو دوبارہ ملاقات میں فیصلہ ہوگا۔

ذرائع کے مطابق اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ وزیراعظم نے ترکی جانا تھا اس لیے تفصیلی بات نہیں ہو سکی ،نگران وزیر اعظم کے معاملے پر منگل کو دوبارہ ملاقات کا فیصلہ کیا ہے ۔

یہ بھی پڑھیں:افواہیں دم توڑ گئیں،محمد بن سلمان خیریت سے ہیں:سعودی پریس ایجنسی نے نئی تصویر جاری کردی

خورشید شاہ نے بتایا کہ وزیر اعظم نے کہا ہے جو آپ نام دیں گے اس پر اتفاق کریں گے ، ہو سکتاہے وہ اور وزیر اعظم ملکر نگران وزیر اعظم کا اعلان کریں ۔وزیراعظم کے چیمبر میں ہونے والی ملاقات کے دوران وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور اپوزیشن لیڈر کے درمیان نگراں وزیراعظم کے نام پر مشاورت کی گئی۔

اپوزیشن لیڈر نے وزیراعظم سے ملاقات کے بعد اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے بھی ملاقات کی۔خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نے ملاقات کے دوران کہا کہ وہ ترکی جارہے ہیں ،نگران وزیراعظم کے نام پر مشاورت کے لیے اتوار کو ملاقات رکھ لیتے ہیں جس کے بعد طے ہوا کہ منگل کو ایک اور ملاقات ہوگی جس میں نگران وزیراعظم کا نام فائنل کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں:ڈاکٹر آصف کرمانی سے کوئی تلخ کلامی نہیں ہوئی، سعد رفیق کا وضاحتی بیان

اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ وزیراعظم سے مختلف ناموں پر تبادلہ خیال ہوا ہے اور منگل کو نگران وزیراعظم کے نام کا اعلان کردیں گے۔خیال رہے کہ نگران وزیراعظم کے لیے مروجہ طریقہ کار کے مطابق وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر کی طرف سے نام سامنے آتے ہیں اور کسی ایک نام پر اتفاق ہونے پر اسے نگراں وزیراعظم نامزد کردیا جاتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:کرنل سہیل عابد مکمل اعزاز کے ساتھ سپرد خاک، نماز جنازہ میں آرمی چیف کی شرکت
پہلے مرحلے میں کسی نام پر اتفاق نہ ہونے کی صورت میں نگراں وزیراعظم کے انتخاب کا معاملہ پارلیمانی کمیٹی کے پاس جاتا ہے اور اگر کمیٹی بھی کسی حتمی نتیجے پر نہ پہنچ سکے تو معاملہ الیکشن کمیشن کے پاس جاتا ہے، الیکشن کمیشن تجویز کردہ ناموں میں سے کسی ایک موزوں شخص کا انتخاب نگراں وزیراعظم کے لیے کرتا ہے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں

مزیدخبریں