نئی دہلی : بھارت کی جنوبی ریاست تامل ناڈو کے ایک قصبے سے تعلق رکھنے والے 18 سال باصلاحیت رفعت شاہ رخ نے دنیا کا سب سے ہلکا سیٹلائٹ ایجاد کر کے دنیا کو حیران کر دیا۔
بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق رفعت نے بتایا کہ دنیا کا یہ سب سے ہلکا سیٹیلائٹ مدار کے ذیلی حصے کی پرواز پر چار گھنٹے کے لیے جائے گا اور انتہائی کم قوت ثقل والے ماحول میں تقریبا 12 منٹ تک اپنا کام کرے گا۔ رفعت کے مطابق اسے پوری طرح اسکریچ سے تیار کیا گیا ہے۔ سیٹیلائٹ میں ایک نئے قسم کا کمپیوٹراور آٹھ دیسی قسم کے سینسر ہوں گے جن کا کام رفتار، گردش اور زمین کی قوت ثقل کو ناپنا ہوگا۔اس سیٹیلائٹ کا وزن صرف 64 گرام ہے جسے ناسا اور آئیڈوڈل کمپنی کے تعاون سے منعقدہ مقابلے ”کیوبز ان اسپیس“ میں منتخب کیا گیا۔ رفعت کا کہنا ہے کہ وہ اسکے ذریعے تھری ڈی پرنٹڈ کاربن کارکردگی کا مظاہرہ کرنا چاہتے ہیں۔