لاہور: کلبھوشن کی پھانسی روکے جانے کیخلاف پنجاب اسمبلی میں مذمتی قرارداد اپوزیشن لیڈر میاں محمود الرشید نے جمع کرائی۔ قرار داد کے متن میں کہا گیا ہے کہ عالمی عدالت کا فیصلہ انصاف پر مبنی نہیں۔ کیس میں عالمی عدالت انصاف کا دائرہ اختیار مان لینا حماقت ہے۔
میاں محمود الرشید کا کہنا تھا حکومت کو عالمی عدالت انصاف میں نہیں جانا چاہئے تھا۔ پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں معاملے کو بھرپور انداز میں اٹھایا جائے گا۔
ادھر تحریک انصاف کی رہنما شیری مزاری نے بھی حکومت کو آڑے ہاتھوں لیا۔ کہتی ہیں حکومت کو قونصلر رسائی پر ویانا کنونشن کے آپشنل پروٹوکول سے دستبردار ہو جانا چاہئے تھا۔
واضح رہے عالمی عدالت نے کلبھوشن پھانسی کے معاملے پر بھارت کی درخواست پر 15 مئی کو محفوظ کیا گیا فیصلہ آج سنا دیا۔ فیصلے میں پاکستان کا اعتراض مسترد کرتے ہوئے عالمی عدالت نے کہا جاسوسی میں گرفتار افراد کو علیحدہ نہیں کیا جا سکتا کیونکہ کلبھوشن کا معاملہ عالمی عدالت انصاف کے دائرہ کار میں آتا ہے۔ بھارت کو مطلع کرنے میں ناکامی ویانا کنونشن کے دائرے میں آتی ہے جبکہ دونوں ملکوں کے درمیان ویانا کنونشن کے تحت قونصلر رسائی پر اختلاف پایا جاتا ہے۔
عالمی عدالت نے حکم امتناعی جاری کرتے ہوئے پاکستان کو حکم دیا کہ حتمی فیصلے تک کلبھوشن کو پھانسی نہ دی جائے۔ جج رونی ابراہم نے بھارت کی درخواست منظور کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو کلبھوشن یادیو تک قونصلر رسائی بھی دینی چاہیئے۔
نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں