وسطی کرم میں جنگلی بھیڑیے کے حملوں میں مزید 5 افراد زخمی ہوگئے، جس کے بعد دو روز کے دوران زخمیوں کی مجموعی تعداد 14 تک جا پہنچی ہے۔
پولیس کے مطابق بھیڑیے نے ذیمشت، کنڈالی، شمخی اور اوٹ کے علاقوں میں شہریوں پر حملہ کیا۔ زخمیوں کو فوری طور پر صدہ اسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں ڈاکٹرز کے مطابق تمام افراد کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
علاقے میں جنگلی جانور کے حملوں کے باعث خوف و ہراس پھیل گیا ہے، جبکہ شہریوں نے متعلقہ حکام سے فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ انتظامیہ نے عوام کو محتاط رہنے اور غیر ضروری طور پر کھلے مقامات پر نہ جانے کی ہدایت کی ہے۔
محکمہ وائلڈ لائف اور مقامی حکام کی جانب سے بھیڑیے کو قابو میں لانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ مزید کسی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔