گجرات: انسانیت سوز واقعہ میں نواحی گاؤں مراڑیاں میں ایک سفاک بیٹے نے کھانے میں معمولی تاخیر پر اپنی ماں کو بے دردی سے قتل کر دیا۔
پولیس کے مطابق، ملزم عثمان نواز نے کھانے کے لیے کہا تو ماں رضیہ بی بی نے جواب دیا کہ تھوڑی دیر آرام کرلو، میں کھانا دیتی ہوں۔ یہ سن کر ملزم طیش میں آ گیا اور آہنی راڈ سے سر پر وار کر کے ماں کو موقع پر ہی موت کے گھاٹ اتار دیا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی تھانہ انڈسٹریل اسٹیٹ پولیس موقع پر پہنچی اور مقتولہ کے دوسرے بیٹے فرحان علی کی مدعیت میں مقدمہ درج کر کے ملزم کو گرفتار کر لیا۔ دوران تفتیش ملزم نے جرم کا اعتراف بھی کر لیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مزید تفتیش جاری ہے اور جلد ہی مقدمے کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔