کراچی: پاکستان میں سونے کی قیمت میں ایک بار پھر بڑا اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جس کے بعد سونے کی قیمت تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔
سندھ صرافہ بازار جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق، فی تولہ سونے کی قیمت میں 2 ہزار 550 روپے کا اضافہ ہوا ہے، جس کے بعد فی تولہ سونے کی قیمت 3 لاکھ 17 ہزار 350 روپے تک پہنچ گئی۔ اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت میں 2 ہزار 186 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد نئی قیمت 2 لاکھ 72 ہزار 76 روپے ہو گئی۔
دوسری جانب عالمی مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمت میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا، جہاں فی اونس سونا 25 ڈالر مہنگا ہو کر 3 ہزار 22 ڈالر کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔
چاندی کی قیمت میں بھی اضافہ ہوا، جس کے بعد فی تولہ چاندی 3 ہزار 555 روپے اور 10 گرام چاندی 3 ہزار 47 روپے ہو گئی۔
ماہرین کے مطابق، عالمی مارکیٹ میں سونے کی بڑھتی ہوئی قیمتوں، ڈالر کی قدر اور معاشی غیر یقینی صورتحال کے باعث ملک میں سونے کی قیمت میں مزید اضافے کا امکان ہے۔