لاہور : آج 18 مارچ کو 1965ء کی جنگ کے ہیرو، سکواڈرن لیڈر ایئر کموڈور محمد محمود عالم کی 12ویں برسی منائی جا رہی ہے۔ ایم ایم عالم نے 1965 کی جنگ میں اپنی بے مثال بہادری اور فضائی مہارت سے بھارتی فضائیہ کو شدید نقصان پہنچایا تھا۔
انہوں نے صرف ایک منٹ سے بھی کم وقت میں بھارتی فضائیہ کے پانچ جیٹ طیاروں کو مار گرایا تھا، جو ان کی شجاعت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ ایم ایم عالم کی شاندار کارکردگی کو سراہتے ہوئے انہیں "ستارہ جرأت" سے نوازا گیا تھا۔ ان کی بہادری نہ صرف پاکستان بلکہ عالمی سطح پر بھی یاد رکھی جاتی ہے۔
18 مارچ 2013 کو طویل علالت کے بعد 78 برس کی عمر میں ایم ایم عالم کا انتقال ہو گیا، لیکن ان کی جنگی خدمات اور بہادری آج بھی پاکستانی قوم کے دلوں میں زندہ ہیں۔ آج کے دن، پاکستانی قوم انہیں عقیدت اور محبت سے یاد کر رہی ہے۔