واشنگٹن: سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سابق صدر جوبائیڈن کی جانب سے آخری لمحات میں دی گئی معافیوں کو کالعدم قرار دیتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ ان معافیوں پر بائیڈن نے "آٹوپین" سے دستخط کیے تھے، جو قانونی طور پر قابل قبول نہیں۔
امریکی اخبار دی ہل کی رپورٹ کے مطابق، ڈونلڈ ٹرمپ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹرتھ سوشل پر اپنے بیان میں کہا کہ بائیڈن نے جن سیاسی شخصیات، حکومتی عہدیداروں اور اہل خانہ کو معاف کیا تھا، وہ فیصلے اب مزید قانونی حیثیت نہیں رکھتے۔
یاد رہے کہ جوبائیڈن نے اپنی صدارت کے آخری گھنٹوں میں ایک غیر معمولی اقدام اٹھاتے ہوئے یو ایس کیپیٹل حملے کی تحقیقات کرنے والی کمیٹی کے ارکان، ٹرمپ مخالفین اور اپنے قریبی افراد کو معافی دی تھی۔ تاہم، ٹرمپ کا دعویٰ ہے کہ بائیڈن نے ان معافیوں پر ذاتی طور پر دستخط نہیں کیے بلکہ آٹوپین (خودکار دستخطی آلہ) استعمال کیا، جس کی وجہ سے یہ فیصلے کالعدم قرار دیے جا سکتے ہیں۔
بعد ازاں، صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا، "میرے خیال میں بائیڈن کی معافی آٹوپین کے ذریعے ہونے کی وجہ سے کالعدم ہے۔"
دوسری جانب، قانونی ماہرین کا کہنا ہے کہ امریکی آئین کے مطابق صدر کو معافی دینے کا مکمل اختیار حاصل ہے، اور ایک نئے صدر کے پاس ان معافیوں کو منسوخ کرنے کا کوئی قانونی جواز نہیں۔ تاہم، بائیڈن انتظامیہ کی جانب سے ابھی تک اس معاملے پر کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔