اسلام آباد:پاکستان نے خفیہ اطلاع پر افغانستان میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) اور دیگر دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کی ہے۔
پاکستان کے دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ کارروائی خفیہ اطلاع پر دہشت گردوں کی موجودگی کی بنیاد پر کی گئی، پاکستان نے کارروائی دہشت گردوں کی پاکستان میں کارروائیوں کے جواب میں کی، گزشتہ 2 ہفتوں میں پاکستان نے افغان حکومت کو دہشت گردوں کی موجودگی سے متعلق بارہا آگاہ کیا۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ افغان میں چھپے دہشت گرد پاکستان کی سلامتی کے لیے شدید خطرہ ہیں، پاکستان نے کارروائی خفیہ اطلاع پر دہشت گردوں کی موجودگی کی بنیاد پر کی، کارروائی ٹی ٹی پی اور حافظ گل بہادر گروپ کے دہشت گردوں کے خلاف کی گئی، پاکستان نے کارروائی دہشت گردوں کی پاکستان میں کارروائیوں کے جواب میں کی۔
بیان میں کہا گیا کہ پاکستان افغانستان کی سلامتی اور خود مختاری کا احترام کرتا ہے، پاکستان نے دہشت گردوں کی کاروائیوں سے سفارتی سطح پر افغانستان کو بارہا آگاہ کیا، پاکستان افغانستان کو بارہا باور کرا چکا ہے کہ وہ اپنی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال نہ ہونے دے، پاکستان افغانستان سے ٹی ٹی پی کے دہشت گردوں کی حوالگی کا مطالبہ کرتا چلا آ رہا ہے۔